قطر دونوں ممالک کی مشترکہ مفاد میں پاکستانی لیبر کے کوٹہ میں اضافہ اور ویزہ میں نرمی کرے‘ پاکستان قطر کو غیر ہنر مند اور ہنر مند اعلی پیشہ ورانہ افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی قطر کے انتظامی ترقی اور سماجی امور کے وزیر ڈاکٹر عیسیٰ سعد الجفالی النوامی سے گفتگو

پیر 24 اکتوبر 2016 11:13

دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قطر کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کی مشترکہ مفاد میں پاکستانی لیبر کے کوٹہ میں اضافہ اور ویزہ میں نرمی کرے کیونکہ پاکستان انہیں عیر ہنر مند اور ہنر مند اعلی پیشہ ورانہ افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوحہ میں قطر کے انتظامی ترقی اور سماجی امور کے وزیر ڈاکٹر عیسیٰ سعد الجفالی النوامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ قطر اس کے افرادی قوت کے کوٹے میں اضافہ کرے۔انہوں نے کہا کہ قطر کیلئے ویزے کا حصول بھی آسان بنایاجانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ25 ہزار پاکستانی قطر کی معاشی ترقی میں اپنا کردارادا کررہے ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں اپنے برادر ملک کی ضروریات وافر افرادی قوت کی فراہمی سے پورا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دلایا کہ قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے گزشتہ سال 2015ء میں پاکستان کے دورہ پر قطری مارکیٹ میں پاکستان کی ماہر افرادی قوت کے اضافہ میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ جبکہ اس معاملہ پر دوبارہ محمد نواز شریف کی جانب سے فروری 2016ء میں قطر کے دورہ کے موقع پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ڈاکٹر٬انجینئرز٬وکلئا ٬چارٹرڈ اکائونٹنٹس وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ پیشہ وارانہ افرادی قوت بھی فراہم کرسکتا ہے۔

قطر کے وزیر محنت و افرادی قوت نے کہا کہ ان کی حکومت میڈیکل ٬نرسنگ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں پاکستان کے اعلیٰ پیشہ وارانہ افرادی قوت میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کیلئے میکنزم واضع کرنے کے بعد اس عمل کو تیز کیا جائے گا۔انہوں نے قطر میں کام کرنے والے پاکستانی ماہرین کے کردار کی بھی تعریف کی۔