اسلام آباد دھرنا سی پیک کو ناکام کرنے کی عالمی سازش کاحصہ ہے٬ریاض پیرزادہ

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:30

بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی ہم آہنگی میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ اسلام آباد دھرنا چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ناکام کرنے کی عالمی سازش کاحصہ ہے۔انہوںنے گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کوکوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ایک جمہوری نظام کے تحت منتخب حکومت کو دھرنوں اور جلوسوں کے ذریعے اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کرے۔

انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف تین دفعہ عوام کے ووٹ کے ذریعے ملک کے وزیراعظم بنے ٬کوئی کھڑکیاں توڑ کر یا دیوارپھلانگ کراقتدار میں نہیں آئے۔حکومت کی تین سال کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک نے ہرشعبہ میں نمایاں ترقی کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ پر ڈالا۔بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے۔

ملک سے دہشتگردی کے ناسور کوختم کیا اور ضرب عضب کی کامیابی بھی سیاسی قیادت کی بصیرت کانتیجہ ہے۔انہوںنے بتایا کہ ملتان ۔سکھرموٹروے کاسنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا۔بجلی کے منصوبوں میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور کی عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔کھیلوں کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کی وجہ سے عالمی ٹیموں کے یہاں نہ آنے سے ہماری کھیلیں بہت متاثرہوئی ہیں لیکن ہم کوشش کررہے ہیں کہ اب عالمی ٹیمیں یہاں آئیں اور کھیلوں کو فروغ مل سکے۔

بہاولپور میں ’’نشان حیدرہاکی ٹورنامنٹ‘‘ کو قومی سطح کا ٹورنامنٹ بنارہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے دوران سلیکشن کمیٹی یہاں ہوگی جو مقامی کھلاڑیوں کو دیکھ کران میں سے قومی کھلاڑیوں کاچنائو بھی کرے گی۔ہاکی فیڈریشن کو فنڈزدے رہے ہیں تاکہ مقامی سطح پر ٹورنامنٹس کاانعقاد کرکے کھیل میں دلچسپی پیدا کرے۔ہمارے میں ملک میں ہاکی گرائونڈ پرابھی تک گرین ٹرف استعمال ہورہاہے جبکہ عالمی طورپر برائون ٹرف استعمال ہوتا ہے۔ہم بھی کوشش کررہے ہیں کہ ملک میں ہاکی گرائونڈز میں بچھے گرین ٹرف کو تبدیل کروا کر برائون ٹرف لگائیں تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے گرائونڈ پر پریکٹس کرنے کاموقع ملے۔

متعلقہ عنوان :