کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے عارضی آفس کیلئے کرائے پر بلڈنگ کی تلاش شروع کر دی گئی

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء)میٹروبس منصو بے کے تحت بوسن روڈ پر ایمرسن کالج اور پرانی تحصیل کے درمیان تعمیر ہونے والے بس اسٹیشن کا نام گلگشت میٹرو بس اسٹیشن رکھ دیا گیا ہے اور اس پر سرخ رنگ کے ایلو مینم کے ذریعے " ایم" کی شکل میں ملتان میٹرو بس سسٹم کا خوبصورت برانڈ نیم نصب کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ گلگشت تحریر کر دیا گیا ہے ۔

تمام میٹرو بس اسٹیشنز پر ان کے نام تحریر کئے جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے ہر میٹرو بس اسٹیشن پر پلیٹیں بھی لگائی جا رہی ہیں ۔ دریں اثناء میپکو نے تمام میٹرو بس اسٹیشنز کے ساتھ کیبل بچھا نے کا کام مکمل کر لیا ہے ۔ ہر میٹرو بس اسٹیشنز کے ساتھ ٹرانسفارمرز کیلئے پیڈ کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جس کے بعد کیبل کو ٹرانسفارمرز سے لنک کر دیا جائے گا اور بجلی کے میٹر لگا دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

میٹرو بس اسٹیشنز کی لفٹ کے ساتھ آپریٹنگ یونٹ لگائے جا رہے ہیں اور 12۔اسٹیشنز پر یونٹ لگا دیئے گئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے عارضی آفس کے قیام کیلئے کرایے پر بلڈنگ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی زیر تعمیر بلڈنگ کی تکمیل کے بعد اس سنٹر کو یہان شفٹ کر دیا جائے گا۔میٹرو بس اسٹیشنز کی تزئین و آرائش پر دن رات کام جاری ہے ۔ٹرن سٹائیل مشینین لگائی جا رہی ہیں ۔دوسری طرف ڈائیوو کمپنی کے بس ڈرائیورز کی طرف سے میٹرو روٹ پر ڈرائیونگ کی پریکٹس جا ری ہے ان باکس کمپنی نے ہر بس میں سسٹم نصب کر دیا ہے جس میں روٹ فیڈ کیا جائے گا ۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور بس کا سسٹم آپس میں لنک کر دیا جائے گا جس سے بس کی سٹاپ ٹو سٹاپ مانیٹرنگ ہو سکے گی۔