حکومت کی جانب سے بیج اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی بدولت کسانوں کو 15ہزار روپے فی ایکڑ بچت ہوئی ہے٬چوہدری مقصود احمد

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:20

چشتیاں۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع چشتیاں چوہدری مقصود احمد نے کہا ہے کہ رواںسال کے دوران خدا کے خاص فضل و کرم اور حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسی کی بدولت تحصیل چشتیاں کے ایک لاکھ 60ہزار 431ایکڑ رقبہ میں سے تقریباًً 32لاکھ من سے زائد کپاس کی پیداوار ملی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بیج اور تیل کی قیمتوں میں کمی کی بدولت کسانوں کو 15ہزار روپے فی ایکڑ بچت ہوئی ہے٬ انہوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کپاس کی فصل سخت گرمی کی وجہ سے بھی متاثر ہوئی تھی تاہم خدا کے فضل سے بمپر کراپ نصیب ہوئی ہے٬ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق چشتیاں کے 200دیہات میں 400کسانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مشروط طورپر گندم کے بیج گلیکسی کے 600تھیلے تقسیم کئے جارہے ہیں اور کسان پابند ہونگے کہ وہ نمائشی پلاٹوں کا بیج دوبارہ گائوں میں تقسیم کریں گے٬ انہوں نے بتا یا کہ تحصیل چشتیاں کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد رقبہ پر گندم کاشت کی جائیگی ٬ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ علاقہ کی آب و ہوا کے علاوہ بیماری سے پاک زیادہ پیداوار دینے والا گندم کابیج "گلیکسی"استعمال کریں جو پنجاب سیڈ کارپوریشن کے دفاتر سے دستیاب ہے جبکہ غیر معیاری اور گھٹیا بیج ہر گز استعمال نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :