ریسکیور ز کی25ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ کا ایمرجنسی سروسز ز اکیڈمی میں انعقاد

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:20

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء)پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) کی 25ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر امیر حمزہ تھے جبکہ رجسٹر اراکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد٬ ہیڈ آف ٹریننگ ونگز میاں احسن٬ ایجوٹینٹ ڈاکٹر علی امام سید اور دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق 90کیڈٹس کامیابی سے تربیت حاصل کرنے کے بعد ایمرجنسی سروسز اکیڈمی سے پاس آئوٹ ہوگئے۔ پاس ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر امیر حمزہ نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر انہیں مبارکباد دی ۔ انہوں نے بانی ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز ) کو ان کے ویثرن اور سرپرستی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیے کہ صرف تربیت یافتہ ریسکیورز ہی ملک و قوم کی خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو سروس کی مادرعلمی ہے جو ایک نیشنل سنٹر آف ایکسیلنس میں ڈھل چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کے آخر ڈاکٹر رضوان نصیر کی کاوشوں کے سبب پنجاب ایمرجنسی سروس سارک ممالک کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اب سروس کا حصہ ہونگے اور ادارے اور ایمرجنسی کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے پر تمام افسران اور آفیشلز کے کردار کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر فرحان خالد نے کیڈٹس کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کی تعریف کی جنہوں نے اپنی اولادوں کو لائف سیونگ سروس کے لئے چنا تاکہ وہ انسانیت کی خدمت کرسکیں۔