26اکتوبر تک ای اشٹام پیپرکا نظام پنجاب بھر میں رائج ہوجائے گا٬ڈاکٹر عمر سیف

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:20

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ای۔اشٹام پیپر کا نظام 26اکتوبر تک پورے صوبہ میں رائج ہو جائے گا جس کے بعد پنجاب حکومت شفافیت اور ای گورننس کے میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لے گی ۔ گزشتہ روز ارفع ٹاور میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب صرف ساہیوال ڈویژن باقی رہ گیا ہے جہاں رواں ہفتے پی آئی ٹی بی کی ٹیم سارا کام مکمل کر لے گی۔

انہوںنے کہا کہ اس منفرد منصوبے میں کافی رکاوٹیں درپیش تھیں لیکن وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور بھر پور حوصلہ افزائی سے ایک ایسا کام مکمل ہوا ہے جس کے دور رس نتائج مرتب ہونگے اور عوام کو نہ صرف تیز ترین خدمات میسر آئیں گی بلکہ اس سے جعلی اشٹام پیپر کی خریدو فروخت کا خاتمہ ہو جائے گا اور جائداد کے لین دین میں پیدا ہونے والے فراڈ و نوسر بازی بھی ممکن نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت ابتدائی طور پر ایک ہزار روپے سے زائد مالیت کا نان جوڈیشیل اشٹام پیپر شامل کیا گیا ہے تاہم مستقبل میں دیگر مالیت کے اشٹام پیپر بھی شامل کر دیے جائیں گے۔انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ اب ایک ہزار سے زائد مالیت کا عام اشٹام پیپر قابل استعمال نہیں رہے گا اور صرف پنجاب بینک سے ملنے والا ای۔ اشٹام پیپر ہی جائز تصور کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پنجاب بینک کی تمام شاخوں میں ای۔اشٹام پیپر کے لئے الگ کائونٹر قائم ہو چکے ہیں جہاں عوام کو مکمل راہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوںنے بتایا کہ 26مئی کو ای اشٹام پیپر کا آغاز گوجرانوالہ سے ہوا تھا اور پانچ ماہ میں پنجاب کے 33اضلاع اب تک1لاکھ80ہزار سے زائد اشٹام پیپر جاری ہو چکے ہیں جن سے حکومتی خزانے میں ساڑھے چار ارب روپے سے زائد وصولی ہو چکی ہے اس طرح ٹیکس چوری کا دروازہ بھی بند ہو گیا ہے۔

دریں اثنا ء منصوبے کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف کی راہنمائی میں یہ بہت بڑا منصوبہ صرف پانچ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت و راہنمائی کے لئے ای۔اشٹام پیپر کی ہیلپ لائن 0800-08100 بھی کام کر رہی ہے جس پر مفت کال کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :