شریف برادران نے پنجاب پولیس کو جاتی امراء کے حفاظتی دستے میں تبدیل کر دیا‘ خرم نواز گنڈاپور

سیرل لیکس کے بعد بھی وزیر اعظم ہائوس سے میڈیا کو فیڈ کیا جا رہا ہے٬نواز شریف سیاسی شہادت چاہتے ہیں

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہاہے کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹائون آپریشن کے ذمہ دار پولیس افسران کو تحفظ دے رہی ہے ٬ہمارے اس موقف کی تصدیق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے اس موقف سے بھی ہو رہی ہے جس میں انہوں نے آئی جی پنجاب کی موجود گی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران برملا کہا کہ پولیس کو تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈائون کا مشن سونپا جائے ٬ جس طرح ہم نے سانحہ ماڈل ٹائون آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں کو بیرون ملک بھجوایا ان کی مالی مدد کی اور ان کے خلاف آج کے دن تک کوئی محکمانہ انکوائری نہیں ہونے دی ٬انہیں گرائونڈز پر پولیس کا مورال بلند کیا جائے ٬ہم انہیں تحفظ دیں گے ۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ شریف برادران نے پنجاب پولیس کو جاتی امراء کے ایک حفاظتی دستے میں تبدیل کر دیا ہے ٬پولیس سے سیاسی مخالفین کو قتل کرانے اور زد و کوب کروانے کا کام لیا جا رہا ہے ٬پولیس کے ادارے کو شریف برادران نے تباہ و برباد کر دیا ۔خرم نواز گنڈا پور نے مرکزی سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اسی لئے انہوں نے کھل کر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشیں شروع کر رکھی ہیں ٬سیرل لیکس کے بعد بھی وزیر اعظم ہائوس سے میڈیا کو فیڈ کیا جا رہا ہے ٬وزیر اعظم ہائوس میں ایک انٹرنیشنل ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں سے شریف بچائو مہم کے تحت خبریں بھجوائی جا رہی ہیں ۔

ن لیگ کے لوگ برملا کہہ رہے ہیں ایک فیصلہ پنڈی والوں نے کر لیا اور ایک فیصلہ ہم نے بھی کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا اقتدار اور سیاست کچھ دنوں کی مہمان ہے ٬پانامہ لیکس کا احتساب بھی ہو گا اور سانحہ ماڈل ٹائون کا قصاص بھی ۔