ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ٬دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا ہے‘رفیق رجوانہ

سی پیک ٬موٹر وے ٬ گیس و بجلی سمیت سینکڑو ں ترقیاتی منصو بوں پر تیزی سے کام جاری ہے ٬زراعت و صنعت کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے ٬روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ٬تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے بالخصوص ہسپتالوں میں بہتری لائی جا رہی ہے٬ہم نیک نیتی سے ملک اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ٬مثبت راہ کی کی طرف جارہے ہیں ‘گورنر پنجاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ٬دہشت گردی کا خاتمہ ہو گیا ہے٬ سی پیک ٬موٹر وے ٬ گیس و بجلی سمیت سینکڑو ں ترقیاتی منصو بوں پر تیزی سے کام جاری ہے ٬زراعت و صنعت کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے ٬روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ٬تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے بالخصوص ہسپتالوں میں بہتری لائی جا رہی ہے٬ہم نیک نیتی سے ملک اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ٬مثبت راہ کی کی طرف جارہے ہیں ٬ہمیں عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ہے٬جائز تنقید برداشت کرتے ہیں مگر ترقی کی راہ میں کسی کو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہیئے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیکسٹائل انجینئرنگ کالج بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میںسپننگ لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں وائس چانسلربہا ء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہرامین ٬چیئر مین آل پاکستان بیڈ شیٹ اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن خواجہ محمد یونس ٬معروف صنعت کا ر و چیئر مین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال جلال الدین رومی ٬صنعت کار سید محمد عاصم شاہ٬ سابق ایم این اے شیخ طارق رشید ٬ سابق صو بائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں اور یونیورسٹی اساتذہ و انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہمیں ملکی سلامتی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ ہم سب لوگ محب وطن ہیں۔ ہمیں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے ایک دوسرے کی رہنمائی کر نا چاہیئے تاکہ ہم اچھے طریقے سے عوام کی خدمت کرسکیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میںشامل کر سکیں ۔حکومت پنجاب کے ترقیاتی کام بھی بہت تیزی سے جاری ہیں کھیت سے منڈیوںتک سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹ پر کام جاری ہے 40نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو با اختیار بنا نے کے حوالے سے کام جاری ہے تاکہ لوگوں کے مسائل یہیں حل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں اس وقت 4سرکاری یونیورسٹیاں موجود ہیں جو طلبہ و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں ملتان میں ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لئے کاوشیںجاری ہیں۔میٹرو بس پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ملتان کی تعمیر و ترقی کے لئے بڑا ترقیاتی پیکج لینے کی کوشش بھی کی جا ئے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں سیوریج کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے جس کے لئے ایک ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے ۔اس کے لئے کچھ فنڈز مل چکے ہیں مزید فنڈز حاصل کئے جائیں گے۔گورنر نے کہا کہ کڈنی سنٹر کے آوٹ ڈور نے کام شروع کر دیا ہے ۔بہت جلد ان ڈور بھی فعال ہو جائے گا ۔نشتر ہسپتال میں600بستروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے ۔انسٹیٹیوٹ آف کاریالوجی ملتان کے ایمر جنسی بلاک کی توسیع کی جا رہی ہے ۔

ملتان شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی دن میں 3بار صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام کر رہی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں ایسی تعلیمی درسگاہوں کے قیام پر توجہ دینی چاہیئے جو ٹیکنیکل تعلیم اور ہنر سکھائیں۔اس سے بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا ۔سی پیک کے منصو بے میں ہمیں بہت سے انجینئر اور سب انجینئر کی ضرورت ہوگی ۔ جس کے لئے ہمیں اپنے نوجوانوں کو تیار کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں بہتری لانا میرے لئے ایک چیلنج ہے ۔ملتان میں 4سرکاری یونیورسٹیاں ہیں جن کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بطور چانسلر میرے اوپر یہ قرض ہے کہ میں اپنے علاقے میںتعلیم کے فروغ ے لئے کردار ادا کروں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کا دنیا بھر میں مقام ہے یہ کپاس کی پیداوار کا خطہ ہے۔

ٹیکسٹائل انجینئرنگ کالج کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے گااور اسے ایک مثالی درسگاہ بنایا جائے گا۔اور صنعت کار اور کاروباری حضرات کو بھی ساتھ ملایا جائے گا ۔عوام نے ہمارے اوپر اعتماد کیا ہے ہم ان کی خدمت کریںگے تو عوام اور اللہ کے حضور سرخرو ہوں گے۔تقریب سے وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں زکریا یونیورسٹی کی تعلیمی حالت میںبہت بہتری آئی ہے ۔

یونیورسٹی دنیا کی ٹاپ 900یونیورسٹیوں میں شامل ہو گئی ہے ۔یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر چیئر مین پاکستان بیڈ شیٹ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن خواجہ محمد یونس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل کالج کے پاس بہترین لیبارٹری موجودہے جس سے طلبہ استفادہ کر رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالج کی لیبز سے ایکسپورٹ اور امپورٹ ہو نے والی منصو عات کی ٹیسٹنگ کرائی جانی چاہیئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بورڈ آف گورنرز میںسے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ کسی ممبر کو سینڈیکیٹ میں نمائندگی دی جائے تاکہ وہ کالج کی ترقی اور ترویج کیلئے بھر پور نمائندگی کر سکے ۔قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجواجہ نے نئی تعمیر ہونی والی سپننگ لیب کا افتتاح کیا اور کالج کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔

متعلقہ عنوان :