گاڑیاں بنانے والی معروف آٹو کمپنی سوزوکی نے مہران گاڑیوں کو ختم کرنے کا اعلان کردیا

کمپنی کے مطابق مہران 800 سی سی گاڑیوں کو اب سوزوکی الٹو 660سی سی میں تبدیل کردیا جائے گا

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) گاڑیاں بنانے والی معروف آٹو کمپنی سوزوکی نے مہران گاڑیوں کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی کے مطابق مہران 800 سی سی گاڑیوں کو اب سوزوکی الٹو 660سی سی میں تبدیل کردیا جائے گا۔سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے پلانٹ کے دورے کے موقع پر کمپنی حکام نے کمیٹی اراکین کو بتایا کہ کامیاب ترین ماڈل مہران 800 سی سی کو 2018 تک سوزوکی آلٹو 660 سی سی سے تبدیل کر دیا جائے گا۔

دورے کے موقع پر کمپنی کی جانب سے سینیٹ کمیٹی کو نئے ماڈلز میں عالمی معیار کے مطابق حفاظتی فیچرز سے متعلق بھی بتایا گیا۔ کمپنی کی جانب سے سینیٹ کمیٹی وفد کو مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے سوزوکی حکام کا کہنا تھا کہ مارچ 2017 تک سوزوکی "کلٹس" کی جگہ "سیلیریو" 1000 سی سی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے٬یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوزوکی نے سال 2000 میں "خیبر" کی جگہ "کلٹس" متعارف کرائی تھی جو خاصی کامیاب رہی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے مقامی طور پر نئی 660 سی سی گاڑیوں کیلئے آٹو پارٹس پر کام شروع کردیا ہے٬ جب کہ کمپنی اگلے سال 2017 درآمد شدہ سوزوکی گرینڈ ویٹارا ایس یو وی اور 1300 سی سی کی سیڈان سیاز بھی پاکستانی مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔دورے میں شامل وفد کی قیادت سینیٹر ہدایت اللہ نے کی٬ جب کہ دیگر اراکین میں خالدہ پروین٬ کلثوم پروین٬ چوہدری تنویر خان٬ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار شیر ایوب خان اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او طارق اعجاز چوہدری بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :