شکارپورضمنی الیکشن کے نتائج مستردکرتے ہیں٬ قاری شیرافضل

حکومت نے دھاندلی کے ذریعے جے یوآئی امیدوارکو ہرایا٬فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرایاجائے

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنماقاری شیرافضل خان نے شکارپورضمنی الیکشن کے نتائج مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت نے روایتی دھاندلی کے ذریعے جے یوآئی امیدوار ناصرمحمودسومرو کو ہرایا٬فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے دھاندلی کی انتہاکردی ہے٬ عوام کو جبرواستبدادکے ذریعے حق رائے دہی سے روکناجمہوریت کے نام پردھبہ ہے٬ناصرمحمودسومروکی فتح کو منظم دھاندلی کے زریعے شکست میں تبدیل کیاگیا جس کے لئے حکومتی مشینری کو استعمال کیاگیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ پیپلزپارٹی انہی پالیسیوں کے باعث عوام میں اپنی قدرکھورہی ہے٬امتیازشیخ جیسے ابن الوقت اور کاروباری شخص کو عوام میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہے٬ قوم اچھی طرح جانتی ہے امتیازشیخ پراناشکاری اور پیپلزپارٹی اس کا نیاجال ہے٬یہ صاحب پارٹیاں بدلنے کے ماہر ہیںآج اس پارٹی میں کل کسی اورپارٹی میں ان کا وتیرہ بن چکاہے۔

(جاری ہے)

قاری شیرافضل نے کہاکہ حکومتی مشینری کے استعمال کے باوجود 27ہزارسے زائد ووٹ ملناجے یوآئی پر عوام کے اعتماد کامظہراور مولاناخالد محمودسومروکے صاحبزادگان کی محنت اور جدوجہد کا ثمر ہے ٬ان کے والد بھی شیردل تھے جنہوں نے صوبے بھر میں جمعیت علماء اسلام کا پرچم بلند کیااور آخری دم تک ڈٹے رہے۔ انہوں نے حمایت کرنے والی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کاشکریہ اداکیااور حق کی راہ میں ساتھ دینے پر مبارکبادپیش کی۔

متعلقہ عنوان :