چیمبرمیں مارکیٹیں 9بجے بند کرنے کی فیصلے کی تائید کرتے ہیں٬محمو د حامد

ہڑتالوں کی حمایت اور بھتہ خوروں کی سہولت کار تاجروں کو گمراہ نہیں کرسکتے ٬کاغذی لیڈر مثبت فیصلوں پر کیوں تلملارہے ہیں تاجروں کی نمائندہ اور منتخب باڈی چیمبر کے گھیراؤ کا اعلان کرنے والے پہلے بھی بھاگے تھے تاجر اب بھی انہیں مار بھگائیں گے تاجروں کے اجلاس سے خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد نے نے کہا ہے کہ شام 7بجے مارکیٹوں کی بندش کے مسئلے پر 20اکتوبر کو کراچی چیمبرمیں اسمال ٹریڈرز کے نمائندہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کراچی کی تاجر برادری کے دل کی آواز ہیں ۔7بجے کے بجائے مارکیٹوں کے اوقات 9بجے رات تک کرنے اور 10بجے تک دوکانوں کا سامان سمیٹنے کے لیے رعایتی وقت دینے کا فیصلہ تاجروں کے مطالبات کا آئینہ دار ہے۔

اجلاس میں چیمبر کی قیادت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کہ دوکانوں کی بندش میں پولیس اور سرکاری اہلکاروں کی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا خوش آئند ہے اور یہ تاجروں کو رشوت ستانی سے نجات کا سبب بنے گا ۔

(جاری ہے)

ان تاجر دوست فیصلوں پر تاجر برادری چیمبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں مگر ان فیصلوں پرخود ساختہ اور کاغذی لیڈر تلملا رہے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جو ماضی میں بھتہ خوروں اور پرچی مافیہ کے سہولت کار رہیں ہیں ۔

کراچی میں ہونے والی ہر ہڑتال کی حمایت میں ٹکر چلانے والے اور امن کمیٹی کے لیڈروں کو پگڑیاں پہنانے والے اپنی دوکانیں بند ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے تاجرہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے میرٹ روڈ اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین عثمان شریف ٬ صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما محمد ربان ٬ بولٹن مارکیٹ ٹریڈرز کے رہنما حاکم خان ٬ ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے رہنما محمد نوید٬کراچی کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حاجی عبد اللہ ٬ لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے رہنما بابر بنگش ٬پاکستان پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر امین الدین اور محمد آصف اردو بازار اسمال ٹریڈرز کے رہنما قبال یوسف ٬ایم اے جناح ٹریڈرز اتحاد کے رہنما سلیم ملک ٬ تاجران صدر بوہری بازار کے رہنما عبد العلیم ٬ اسمال گارمینٹس ایسوسی ایشن کے رہنما عبد الماجد اور دیگر نے خطاب کیا۔

تاجر رہنماؤں نے کراچی چیمبر BMGگروپ کے قائد سراج قاسم تیلی چیمبر کے صدر شمیم فرپو اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبد لمجید میمن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تاجروں نے کہا کہ چیمبر پر کیچڑ اچھالنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے بد امنی کے خلاف پولو گراؤنڈ میں ہونے والے تاجرں کے پر امن مظاہرہ پر اپنے سیاسی آقاوؤں کے اشارے پر حملہ کیا تھا اور تاجروں کو لہو لہان کیا تھا ۔

یہ لوگ حقیقت میں دہشت گردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہیں ہیں اور اب بھی کررہے ہیں ۔مارکیٹوں سے بھتے وصول کرکے یہ بھتہ خوروں تک پہنچاتے رہیں ہیں ۔تاجر برادری ان خود ساختہ اور غیر منتخب لوگوں کو مسترد کرتے ہیں اور متنبہ کرتے ہیں کہ کراچی چیمبر کی قیادت کے خلاف بیان بازی سے گریز کریںاس لیے کہ جب کاغذٰ لیڈر اپنے سیاسی آقاوؤں کی چاکری کرتے ہوئے مہینے میں چھ چھ روز تاجروں کے کاروبار بند کروارہے تھے اورکروڑوں روپے کے بھتے جمع کر کے ان کے دفتروں میں پہنچارہے تھے۔

اس وقت بھی چیمبر چھوٹے تاجروں کی خدمت میں مصروف تھا ۔سانحہ بولٹن مارکیٹ میں جب وہاں کے ہزاروں تاجر مارکٹیں جلنے کے بعد فٹ پاتھ پر آگئے تھے ۔تو چیمبر کی قیادت نے حکومت سے ان کے لیے ساڑھے تین ارب روپے کی امداد حاصل کی اور انہیں شفافیت کے ساتھ متاثرہ تاجروں میں تقسیم کیا اور جلنے والی سولہ مارکیٹوں کی فوری طور پہ تعمیرات مکمل کر کے تاجروں کے روزگار کو بحال کرایا ۔

شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں چودہ تاجروں کے قتل کے بعد چیمبر کی قیادت نے وزیر داخلہ کو وہاں کا دورہ کروایا اور رینجرز کی چوکیاں بنوا کر تاجروں کو تحفظ فراہم کیا ۔انہوں نے کہا کہ KMCمارکیٹوں کے کرایوں میں اضافے کا مسئلہ ہو یا سولجر بازار کی مارکیٹ کی آتشزدگی کا مسئلہ ہر موقع پر چیمبر چھوٹے تاجروں کے ساتھ کھڑا رہا ۔تاجر رہنماوؤں نے کہا کہ کراچی چیمبر تاجروں کی منتخب اور نمائندہ باڈی ہے غیر نمائندہ اور خود ساختہ لیڈروں کی جانب سے گہراؤ کے اعلانات مضحکہ خیز ہیں ۔

تین سال قبل بھی ان کاغذی لیڈروں نے چیمبر کے گھیراؤ کا علان کیا تھا لیکن جب تاجر میدان میں نکل آئے تو ان کاغذی شیروں نے راہ فرار اختیار کی اس بار بھی تاجر اپنے اتحاد کے بل پر کاغذی شیروں کو مار بھگائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :