سیاستدان انارکی پھیلاکر ٬احتجاج ٬ دھرنوں کے ذریعے کاروباری حالات خراب نہ کریں٬ لاہور چیمبر

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان میں کاروباری حالات پہلے ہی مشکل ہیں٬ کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے پاکستان عالمی رینکنگ 122ویں نمبر پر ہے٬ ایسے میں سیاسی عدم استحکام حالات خراب کررہا ہے٬ کسی کے ایڈونچر کی خاطر کاروباری برادری کے مفادات دائو پر نہیں لگنے چاہئیں کیونکہ یہ معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے اور معاشی عمارت اسی کے دم قدم پر کھڑی ہے۔

جاری اپنے ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط٬ سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ محاصل کا سب سے بڑا حصہ تاجر برادری سے حاصل ہوتا ہے جن سے ملک کا نظام چل رہا ہے٬ اس حقیقت کا ادراک ان سیاستدانوں کو شدت سے کرنے کی ضرورت ہے جو آئے روزاحتجاج اور دھرنوں کے ذریعے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو مفلوج کردیتے ہیں٬ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان ایشیاء کا بہت اہم ممالک ہے٬ وسائل اور جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی اس پر گہری نظر ہے لیکن بدقسمتی سے سیاسی انارکی انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری سے دور رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس وقت جب پاک چین اکنامک کاریڈور ایک اچھے مستقبل کی نوید ہے ٬ سیاسی عدم استحکام نہ صرف اس کے فائدوں کو گہنا رہا ہے بلکہ پاکستان کے متعلق ایک بدامن ملک کا تاثر پیدا کررہا ہے جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری سیاسی مفادات اور وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہے لہذا اسے سیاسی عناصر اپنے ذاتی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھائیں٬ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سیاسی قائدین دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور کاروبار زندگی بند کرنے کی دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے معاملات پارلیمنٹ کے ذریعے حل کریں٬ شہر بند اور کاروباری زندگی مفلوج کرکے ان لوگوں کو پریشان کرنا کسی طرح بھی درست نہیں جن کے ووٹوں کی طاقت سے پارلیمنٹ تک پہنچا جاتا ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ماضی قریب میں سیاسی عدم استحکام نے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا جبکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ٬ اب ملک مزید ایسے حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے خلاف سازش کررہے ہیں لہذا یہ اشد ضروری ہے کہ سیاستدان تاجروں کو پریشان کرنے کے بجائے ان کے ساتھ مل کر سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کریں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کو مفلوج کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو تاجر اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اٹھ کھڑے ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :