ٹریڈرز ونگ لاہور کے صدر نے ذاتی مفادات کی پالیسیوں کو اپنا رکھا ہے٬ عہدیداران مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:00

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں٬ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید٬جنرل سیکرٹری زبیر انصاری اور سینئر راہنما وقار صدیقی نے کہا ہے کہ پچھلے تین سالوں میں ٹریڈرز ونگ لاہور کے صدر نے ذاتی مفادات کی پالیسیوں کو اپنا رکھا ہے٬ ان کا سارا زور ذاتی تشہیر٬ بینرز بازی اور فوٹو شوٹس پر مرکوز ہے٬ لاہور مسلم لیگ( ن) کا قلعہ ہے٬ ملک پرویز اور انجم بٹ تاجر برادری کے مسائل اور مشکلات حل کرنے میں بھرپور کاوشیں کر رہے ہیں اور انہی کی شخصیات کی بدولت صورتحال اور گراف کو سہارا ملا ہوا ہے اور تاجروں میں بھرم قائم ہے لیکن اب اگر زمینی حقائق کے مطابق فیصلہ نہ کئے تو ہم سب کی محنتیں ضائع ہو جائیںگی٬محمد علی میاں و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) تاجروں کی پارٹی ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک کی ترقی اور معیشت کی بحالی کیلئے دن رات کوشاں رہتے ہیں لیکن اگر مقامی سطح پر تاجروں کو عزت و وقار اور مشاورت میں شامل نہ رکھا گیا تو قائدین کی کاوشوں کو دھچکا لگ سکتا ہے٬ لاہور میں اتحاد واتفاق کو فروغ دینے کی بجائے تاجروں اور پارٹی کو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی٬تاجر ونگ کے راہنمائوں نے مزید کہا کہ اب اس مایوس کن صورتحال کی اصلاح کیلئے بہت جلد بھرپور کوشش شروع کر رہے ہیں٬پارٹی کے اندر سینئرز اور جونیئرز کے باہمی احترام کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا٬لاہو کی تمام تاجر تنظیموں٬ تاجر رہنمائوںاور مارکیٹوں میں " تاجران رابطہ و احترام "کی مہم شروع کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :