شاندار کارکردگی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی خاطر عوام کے پاس آئیں گے ٬ عبید اللہ بابت

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:50

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) ہم اپنی شاندار کارکردگی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی خاطر عوام کے پاس آئیں گے اور بعض منفی عناصر کے منفی پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ عوام نے پہلے بھی پشتونخواہ میپ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا تھا مستقبل میں بھی عوامی طاقت پشتونخواہ میپ کے ساتھ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواہ میپ کے ضلعی اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری صوبائی مشیر جنگلات و حیوانات عبید اللہ بابت نے نیو اڈا میں مستری ورکرز یونین کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب اور اڈے میں تین عدد ٹرانسفرمرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی مشیر جنگلات و حیوانات نے 3عدد بجلی کے ٹرانسفرمرز کا افتتاح کیا۔ دریں اثناء صوبائی مشیر عبید اللہ بابت نے لورالائی میں تعلیمی بورڈ آفس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور صدر پولیس تھانہ میں اپنے فنڈز لوکل بور لگانے کی تقریب سے اور بوائز ماڈل ہائی اسکول میں زیر تعمیر کمرے اور کلی شعبان میں گورنمنٹ بوائز مڈل سکول میں اپنے فنڈز سے تعمیر شدہ کمروں کے معائنوں کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایڈوکیٹ احمد جان ناصر٬ ممتاز قبائلی رہنماء حاجی شفو ملازئی ٬ خالو ناصر٬ ڈسٹرکٹ ممبر عصمت اللہ کدیزئی ٬ نعمت شبوزئی٬ عالم جان حمزہ زئی ٬ ڈسٹرکٹ چیئرمین داد خان علیزئی ٬ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عظمت کدیزئی اور دیگر قبائلی عمائدین ٬ کونسلرز اور سرکاری آفیسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے مستری ورکرز یونین کے صدر خیر محمد ترکئی ٬ اللہ دتہ ٬ حاجی خالو ناصر٬ حاجی مسکین استاد ٬ محمد سلیم ناسر٬ حافظ عجب خان ناصر٬ ڈپٹی چیئرمین احمد جان ناصر٬ احمد استاد٬ گل ماشوم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

صوبائی مشیر جنگلات عبید اللہ بابت نے کہا کہ انہوں نے اپنے فنڈز سے لورالائی کے زمینداروں کے لیے 18ہزار بلڈوزر گھنٹے فراہم کیے ہیں ۔ شبوزئی سے تونسہ روڈ کی پختگی ٬ میختر سے قلعہ سیف اللہ تک سڑک کی پختگی ٬ جس پر 6ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں عوام کے وسیع تر مفاد میں سبزی منڈی کو شہر سے نئی سبزی منڈی شفٹ کیا جائے گا لورالائی کے مذید بے روزگاروں کو روزگار میرٹ پر فراہم کیا جاے گا۔

80کروڑ روپے کی خطیر رقم سے شہر کے تمام بنیادی مسائل خصوصاً پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا لورالائی میں شیر جان کھڈی ٬ تالاب اور نالیوں کی تعمیر کے لیے خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ لورالائی میں تعلیمی بورڑ آفس کے تعمیر کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جس پر عنقریب کام شروع ہو جائے گا ۔ میڈیکل کالج میں عنقریب کلاسز کا اجراء کیا جائے گا سول ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے ۔

حقدار طلباء کو سکالرشپ اور حقدار مریضوں کو میڈیکل فنڈز کی مد میں خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔ 19کروڑ پچاس لاکھ کی خطیر رقم سے لورالائی اور شہر کے علاقوں میں بجلی کے کھمبے اور لائن بچھائے گئے ہیں ۔ لورالائی میں تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا گیا ہے ۔ لورالائی شہر میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بائی پاس بنائے گئے ہیں اور مذید بھی ترقیاتی سکیمات پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ہماری سکیمات زمین پر نظر آرہے ہیں ۔

پرانی عدالت میں گرلز ہائی اسکول تعمیر کیا جائے گا۔ اسی طرح سپلائی گوداموں میں محکمہ تعلیم کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ صوبائی مشیر جنگلات و حیوانات عبید اللہ بابت نے کہا کہ پشتونخواہ میپ اور ہم سب ہر قسم کے احتساب کے لیے تیار ہیں۔ عوام ہمارا احتساب کر سکتے ہیں۔ ہم عوام کو جوابدہ ہیں ہم ہر قسم کی لسانیت ٬ قومیت ٬ صوبائیت ٬ زئی اور خیلی کی سیاست نہیں کرتے ہم نفرت کا خاتمہ چاہتے ہیںہم اپنے علاقے میں خصوصاً اور پورے صوبے میں عموماً سرکاری زمینوں اور عوام کی ملکیت ٬ معدنیات ٬ پہاڑوں اور دیگر وسائل پر قبضہ گیر ی کو برداشت نہیں کرتے عوام اپنے وسائل کے حقدار ہیں۔

کسی کو بھی ان کے وسائل معدنیات پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ماضی کے منتخب نمائندوں نے لوٹ مار ٬ کرپشن اور قبضہ گیر ی کو دوام بخشا تھا ۔ صوبے اور علاقے کو پسماندہ رکھا تھا جسے اب ہم ترقی یافتہ بنائیں گے پورے ملک میں پشتونوں کے پہچان کے لیے اور انہیں تحفظ دینے کے لیے پشتونخواہ میپ نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں آج پاکستان میں پشتون اپنے نام سے محروم رہ گئے ہیں مردم شماری ہر صورت میں ہونی چاہیے بعض عناصر مردم شماری نہیں کرانا چاہتے تاکہ پورے ملک میں پشتونوں کی تعداد ظاہر نہ ہو لیکن یہ ملک پشتونوں کا ہے اس پر ہمار ا برابر کا حق ہے پارتی اور تنظیم کے آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔