اب ہمارا دو نکاتی ایجنڈا ہے٬مرکز سے صوبائی حقوق کا حصول اور صوبے میں اسلامی اقدار کا احیاء٬مظفر سید ایڈوکیٹ

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اضاخیل اجتماع میں جماعت اسلامی کے وزراء کو بھی اپنے باقی ماندہ حکومتی میعاد کا روڈ میپ مل گیا ہے ہم دو نکاتی ایجنڈے کی تکمیل کرینگے یا مستعفی ہو جائیں گے اسلئے اپنے مرکزی امیر سراج الحق کو یقین دلاتے ہیں کہ صوبائی حکومت کے اگلے ڈیڑھ سال ہم دو نکاتی ایجنڈے پر کام کرینگے ایک مرکز سے صوبائی حقوق کا حصول اور دوئم صوبے میں اسلامی اقدار کا احیاء جبکہ ایسا کرنے میں کوئی رکاوت محسوس ہونے کی صورت میں ہم ایک لمحے کیلئے بھی وزارتوں سے چمٹا رہنے کی بجائے گھروں کی راہ لینا پسند کرینگے اضاخیل اجتماع میں دیر پائیں کے پنڈال پر ہزاروں کی تعداد میں اہلیان دیر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ سراج لحق کی ہدایات کی روشنی میں صوبے کے تمام سکولوں میں بچوں کو بنیادی دینی تعلیمات سکھانے کیلئے معلم دینیات کا تقرر یقینی بنایا جائے گا جبکہ سپریم کورٹ کی روشنی میں اردو کو صوبے بھر میں دفتری زبان کے طور رائج کیا جائے گا اس مقصد کیلئے ہم وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے دوٹوک موقف سامنے رکھیں گے تاہم اگلے چند روز میں ہماری تین وزارتوں میں اردو دفتری زبان کے طور رائج کردی جائے گی ہم آئندہ سرکاری حکام کو ہدایات انگریزی کی بجائے اردو میںتحریر کرینگے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تازہ ہدایات کی روشنی میں گلی محلہ سطح پر خدمت خلق کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ اور دینی تعلیمات کے فروغ کا فرض بھی انجام دیں اور وہ خود اس مہم میں انکے ساتھ ہونگے تاکہ اسلامی فلاحی ریاست کا تصور حکمرانوں اور عوام دونوں طرف سے واضح طور پر سامنے آسکے۔