قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر کے والد سید قمر الزمان شاہ اتوار کو شدید علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) بزرگ سیاستدان اور پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید کے دادا سید قمر الزمان شاہ اتوار کو شدید علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔سید قمر الزمان شاہ 12 ستمبر 1933ء کو بستی ملوک شاہ میں پیدا ہوئے۔

سید قمر الزمان شاہ نے سندھ آباد گاروں کے حقوق کے لئے سندھ چیمبر آف ایگریکلچر کی بنیاد رکھی۔ وہ سندھ اسمبلی کے دوسرے اسپیکر سید میران محمد شاہ کے بھتیجے اور داماد بھی تھے۔ وہ 1970ء میں سینیٹر منتخب ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بھی منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1957ء میں بی اے اونرز کی ڈگری جبکہ 1959ء میں وکالت کی ڈگری حاصل کی۔

سید قمر الزمان کے بڑے صاحبزادے سید نوید قمر سرکاری دورے پر بیرون ملک میں ہیں۔ ان کی آمد کے بعد ہی ان کی تدفین عمل میں لائی جائے گی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی تدفین حیدرآباد میں کی جائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٬ سابق صدر آصف علی زرداری٬ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ٬ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ٬ سینئر وزیر خوراک سندھ نثار احمد کھوڑو٬ مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور پیپلز پارٹی کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے سید قمر الزمان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :