فیکٹری ایریا سے آصو اور کاکا ڈکیت گروہوں کے 5ملزمان گرفتار

ملزموں سے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ9موٹر سائیکلیں٬نقدی٬ موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد‘33 مزیدوارداتوں کا اعتراف

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) فیکٹری ایریا پولیس نے شاہرائوں اور گلیوں و محلوں میں شہریوں کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکلیں چھیننے اور قیمتی اشیاء سے محروم کرنے کی وارداتیں کرنے والے ڈاکوئوںاور راہزنوں کی2 گروہوں کی5ملزموں کوگرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرشہر کے مختلف علاقوں سے وارداتوں میں چھینی ہوئی لاکھوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں٬مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کے احکامات کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران ڈاکوئوں ٬راہزنوں اوردیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے لاہور پولیس کی سپیشل ٹیمیں دن رات سرگرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

ایس پی کینٹ طارق مستوئی نے ایس پی و ڈیفنس ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کی سربراہی میں ایس ایچ اوفیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ اوردیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے آصو ڈکیت گینگ کے سرغنہ آصف عرف آصو اور اس کے دو ساتھیوں عمیر اور گلفام عرف گلو کو جمشید نامی شہری سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ8موٹر سائیکلیں٬ موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہی اسلحہ کی نوک پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں٬ موبائل فونز٬ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان عادی مجرم ہیں جو اس سے قبل بھی کئی دفعہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ فیکٹری ایریا٬ ڈیفنسA٬ ڈیفنسB٬ کوٹ لکھپت٬ نشتر کالونی٬ لیاقت آباد٬ نصیر آباد٬ ماڈل ٹائون٬ فیصل ٹائون٬ گلبرگ اور غالب مارکیٹ کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی18مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

اسی پولیس ٹیم نے کاکا ڈکیت گینگ کے سرغنہ شہزاد عرف کاکا اور اس کے ساتھی اللہ دتہ عرف گل خان کو گرفتار کر کے ان سے مسروقہ موٹر سائیکل٬ 2لاکھ روپے نقدی٬ 4موبائل فونزاور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی اور راہزنی کی 15مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ڈاکوئوںاورراہزنوں کے گروہوں کی گرفتاری پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا ممتاز حسین کاکڑ اور ان کی ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :