نواز شریف جیسے کاروباری شخص کو ملک چلانے کا کوئی حق نہیں ‘ نواز حکومت جان بوجھ کر فوج کو بدنام کر رہی ہے‘ سر دار آصف

جو آپ کو تحفظ دے رہے ان کو ذلیل کیا جارہا ہے‘حکومت داخلہ اور خارجہ پالیسیوں میں ناکام ہو چکی ہے‘انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ سب سے ضروری ہے اس کے بغیر ملک میں امن کا قیام نا ممکن ہے‘ اسلامی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ’’تجدید عزم‘‘ کے عنوان منعقدہ سیمینار سے خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء) سابق وفاقی وزیر خارجہ سر دار آصف احمدعلی نے کہا ہے کہ نواز شریف جیسے کاروباری شخص کو ملک چلانے کا کوئی حق نہیں ‘ نواز حکومت جان بوجھ کر فوج کو بدنام کر رہی ہے جو آپ کو تحفظ دے رہے ان کو ذلیل کیا جارہا ہے‘حکومت داخلہ اور خارجہ پالیسیوں میں ناکام ہو چکی ہے‘انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ سب سے ضروری ہے اس کے بغیر ملک میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔

وہ اتوار کے روز لاہور پریس کلب میں اسلامی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ’’تجدید عزم‘‘ کے عنوان منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر اسلامی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی چیئر مین قاضی عبدالقدیر خاموش٬پر وفیسر اعجاز الحسن٬عبدالقادری شاہین٬جمہوری وطن پارٹی کے رہنما روئف سائولی سمیت دیگر رہنما نے خطاب کیاہے سر دار آصف نے کہا کہ ہمیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلام سے دور کیا گیا ہے پاکستان میں آج بھی ملک دشمن قوتیں ملک توڑنے میں مصروف ہیں ‘بلوچوں نے ہمیشہ ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ان سازشوں کو مکمل کرنے کیلئے سالانہ کروڑوں روپے فنڈنگ کررہا ہے ۔لیکن اب بلوچ قوم باشعور ہو چکی ہے ‘بینظیر بھٹو شہید اور لیاقت علی خان جیسے عظیم قومی لیڈوروں کو بھی سازش کے تحت قتل کیا گیا ان کے دور میں پاکستان عالمی سطح پر اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب ہوا ۔انہوں نے مزید کہا نواز حکومت اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مارنے کی ماہر ہے ‘فوج کے خلاف خبر ایک پلاننگ کے تحت لیک کی گئی ہے جب فوج ملکی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے اور جس فوج نے ان کو تحفظ فراہم کیا ہوا اس کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے ۔