تمام طبقات کی بلاامتیاز ترقی کیلئے تعمیری جدوجہد جاری رکھیں گے٬رانا ثناء اللہ

وومن آن وہیلز پراجیکٹ صوبے کے پانچ شہروں فیصل آباد ‘ لاہور ‘ سرگودھا ‘ راولپنڈی اور ملتان میں شروع کیا گیا ہے جسکا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا

اتوار 23 اکتوبر 2016 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کی تخریبی کارروائیوں کی پرواہ کئے بغیر تمام طبقات کی بلاامتیاز ترقی کے لئے تعمیری جدوجہد جاری رکھیں گے ٬ ابتدائی طور پر وومن آن وہیلز پراجیکٹ صوبے کے پانچ شہروں فیصل آباد لاہور ‘ سرگودھا ‘ راولپنڈی اور ملتان میں شروع کیا گیا ہے جسکا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا ۔

٬ وومن آن وہیلز پروگرام کے تحت خواتین کی میگا موٹرسائیکل ریلی 27 نومبر کو لاہور میں منعقد ہو گی جس میں صوبہ کے پانچ شہروں کی ٹریننگ یافتہ موٹر سائیکل سوار خواتین شرکت کریں گی۔ وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے زیر اہتمام ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرنے والی موٹر سائیکل سوار خواتین کی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت موٹرسائیکلز پر سواری کرکے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں ‘ سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی ‘ ڈی سی او سلمان غنی اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع ایم این اے بیگم خالدہ منصور ‘ ارکان صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا ‘ بیگم نجمہ افضل ‘چیف ٹریفک آفیسر عارف شہباز خاں وزیر اور سول سوسائٹی کے نمائندے و مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔یہ ریلی زرعی یونیورسٹی کے مین گیٹ سے شروع ہو کر ہلال احمر چوک اور واپس زرعی یونیورسٹی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں 60 سے زائد موٹر سائیکل سوار خواتین نے حصہ لیا ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ تعلیم ‘ ملازمت اور دیگر گھریلو کاموں کی انجام دہی کے سلسلے میں آمد و رفت کے لئے خواتین کا موٹر سائیکل چلانا معاشرے میں اہم مثبت تبدیلی ہے جسکا مقصد خواتین کو مردوں کے ہم پلہ خود انحصار بنا کر ترقی کی رفتار مزید تیز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے تحفظ و ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں تحفظ نسواں ایکٹ اور دیگر قانون سازی کے علاوہ وومن آن وہیلز بھی اہم قدم ہے ۔

انہوںنے خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کے فن کی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے کی کامیابی کے لئے سینئر ممبر سلمان صوفی کی سربراہی میں وزیر اعلی سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی انتظامی و ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بیٹیوں کو سڑکوں پر موٹر سائیکل چلاتے دیکھ کر دیگر خواتین کو بھی ترغیب حاصل ہو گی جس سے ایک فعال ‘ متحرک اور مہذب و ترقی یافتہ معاشرے کا تاثر ابھرے گا ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر قانون نے زرعی یونیورسٹی کے سینٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور خطاب کے دوران وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکل کی خریداری میں معاونت کے لئے 10 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ فنڈز حتمی نہیں اس میں خواتین کی دلچسپی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر مزید اضافہ بھی کیا جائے گا ۔

انہوں نے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین سے کہا کہ وہ خود اعتمادی ‘ شائستگی ‘نظم و ضبط ‘ٹریفک قوانین کی پاسداری اور اسلامی اقدار کے ساتھ موٹر سائیکل چلائیں اب انہیں خاندان کے دیگر افراد پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :