لوک ورثہ کو پرائیویٹ این جی او کو دینے کیلئے خفیہ کوششیں شروع

ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کر کے مستقل ملازمین کو کنارے لگا دیا گیا٬متعدد کو انکوائریاں شروع کرکے فارغ کرنے کا بھی فیصلہ

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء)لوک ورثہ کو پرائیویٹ این جی او کے ماتحت دینے کے لیے خفیہ کوششیں شروع کر دی گئی ہیں ٬58ملازمین کو کنٹریکٹ پر بھرتی کر کے مستقل ملازمین کو کنارے لگا دیا گیا۔متعدد کی انکوائریاں شروع کرکے انکو فارغ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔آن لائن کوذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت ادارے لوک ورثہ کو پرائیویٹ این جی اوکے حوالے کرنے کے پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ٬اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 58ملازمین ایسے بھرتی کیے گئے ہیں جن کو سرکاری خزانے سے تنخوائوں کی ادائیگی بھی ادا کی جارہی ہے اور اس حوالے سے نیب نے بھی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔

کنٹریکٹ ملازمین کو ماہانہ کی بنیاد پر 1205,600روپے ادا کیے جارہے ہیں اور ان تمام کنٹریکٹ ملازمین کو اہم پوسٹوں پر تعینات کر دیا گیا ہے اور مستقل ملازمین کو کنارے لگا کر انکے خلاف متعدد نوعیت کے کیس تیار کر کے انکوائریاں شروع کی گئی ہیں ٬معلوم ہوا ہے کہ متعد د ملازمین لوک ورثہ انتظامیہ کے خلاف ایف آئی اے اور نیب سے بھی رجوع کر رکھا ہے اور متعدد نے عدالتوں کا سہارا لیکر فی الحال اپنی نوکریاں بچائی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متعدد ملازمین کی ایسی انکوائریاں کی جارہی ہیں جیسا کہ دہشت گردوں کو کسی کٹہرے میں لایا جائے ٬بند کمرے میں سار ا دن کھڑا رکھنے کے ساتھ پھر کیمرے کے سامنے ان سے سوال کیے جاتے ہیں تاکہ انکی ریکارڈنگ کی جا سکے ۔خبر کی تصدیق کیلئے ای ڈی لوک ورثہ فوزیہ سعید اور سیکرٹری صباء محسن سے رابطہ کیا گیا تو دونوں کے نمبر ز بند ملے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک