کراچی پریس کلب کے باہر سے گرفتار ایم کیو ایم لندن کے رہنما ایک ماہ کے لئے نظر بند

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) کراچی پریس کلب کے باہر سے گزشتہ روز رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ایم کیوایم لندن کے گرفتار رہنماؤں پروفیسر حسن ظفر٬ کنورخالد یونس اور امجداللہ کو ایک ماہ کیلئے نظربند کر دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 22 اگست کو پاکستان مخالف تقریر کے بعد ہونے والے نقص عامہ کے باعث ایم کیو ایم کے تینوں رہنماؤں کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کیا گیا ہے اور ان سے 22 اگست کے واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے کمشنر کراچی کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے 22اگست کو پاکستان مخالف نعرے لگائے اور ایک نجی ٹی وی چینل پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

یہی رہنما اور کارکنان دوبارہ پریس کلب کے باہر جمع ہو رہے ہیں جس سے نقص امن کا خدشہ ہے٬ جس پر محکمہ داخلہ نے پبلک مینٹی ننس آرڈر 1960کی شک نمبر 3 ایک کے تحت کارروائی کا حکم دیا اور ایم کیو ایم لندن کے تینوں رہنماوں ڈاکٹر حسن ظفر عارف٬ کنور خالد یونس اور امجد اللہ خان کو رینجرز نے حراست میں لے لیااور پھر انھیں ایک ماہ کے لیے سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ رات گئے تینوں رہنماؤں کو میٹھاروام ہاسٹل سے سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن کے زیر حراست تینوں رہنماؤں کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے اور مقدمے میں پاکستان مخالف نعرے لگانے کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :