او پی ایف افسران و سٹاف بیرون ممالک پاکستانیوں کی تکالیف کم کرنے کیلئے اقدامات کریں٬بیرسٹر امجد ملک

ٹول فری نمبر واضح الفاظ میں لکھ کر آویزاں کریں تاکہ ائیرپورٹس پر آمد اور روانگی کے وقت سمندر پارپاکستانیوں کو مدد مل سکے

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء)اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ او پی ایف کے افسران و سٹاف اپنے آپ کو دفاتر سے باہر نکال کر بیرون ممالک پاکستانیوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں ٬ملک تمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر اپنی موجودگی کو بڑھائیں اور نمایاں جگہ پر ٹول فری نمبر واضح الفاظ میں لکھ کر آویزاں کریں تاکہ ائیرپورٹس پر آمد اور روانگی کے وقت سمندر پارپاکستانیوں کو مدد مل سکے۔

انہوں نے ائیر پورٹس پر قائم اوپی ایف کے سہولیاتی ڈیسکوں پر فراہم کر دہ سہولیات میں مزید اضافہ کرنے اور نمایاں جگہ پر شکایات بکس لگانے کی ہدایت کی۔چیئرمین نے کہا کہ انہیں بہت ساری شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بیرون ممالک سے جانے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک میں کوئی پوچھتا تک نہیں ہے ٬سمجھ سے بالاتر ہے کہ حکومت نے بیرون ممالک پاکستانیوں کی خدمت کے لیے ایک وزارت سمیت ادارہ بھی قائم کر رکھا ہے جس کے کان میں جوں تک نہیں رینگتی ہے۔

(جاری ہے)

مفت کی تنخوائیں لینے والے افسران و سٹاف کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا٬بہت جلد افسران اور سٹاف کی کارگردگی چیک کرنے کے لیے ایک سیل کا قیا م عمل میں لایا جارہا ہے جو کارگردگی کا جائزہ لے گا٬نکمے اور نااہل افسران کی جگہ او پی ایف میں نہیں ہے ۔ سمندر پارپاکستانیوں کا استقبال میں گرم جوشی سے کیا جانا چاہیے اورا ن کے ساتھ دوستانہ رویہ اپنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کی شکایات کے ازالے میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سمندر پارپاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔بیرسٹر ملک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے گردشی سفیر قراردیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جانے چاہیں۔اس سے قبل چیئرمین بورڈ آف گورنرز نے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پر قائم اوپی ایف کے سہولیاتی ڈیسک کا دورہ کیا اور وہاں پر سہولیات کی عدم فراہمی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ظفرملک