عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کا اجلاس ٬عمر اعوان جنرل سیکرٹری منتخب

لاہور میں تنظیم سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ٬نوجوان ممبر شپ لیں ٬صدر یوتھ ونگ لاہور

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہورکا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے کی۔اجلاس میں وسیع تر مشاورت اور کثرت رائے کے بعد محمد عمر اعوان کو عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ۔یوتھ ونگ لاہور کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کے انصاف کیلئے تحریک قصاص کے دوسرے مرحلے اور ضرب امن مہم کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی فرخ خان نے کہاکہ عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کی تمام ٹاوئنز میں تنظیم سازی کی جائے گی ۔عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس کا پاکستان سمیت پوری دنیا میں تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے جسے لاہور سمیت پورے ملک میں فعال اور متحرک کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں یوتھ ونگ کے ہر نوجوان کی آنکھ میں انقلاب کی روشنی دیکھ رہا ہوں ۔

نوجوان ظالم اور فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے خیبر تا کراچی متحد ہو چکے ہیں ۔اس بیداری کا کریڈٹ عوامی تحریک کے دھرنوں اور قصاص تحریک کو جاتا ہے ۔حاجی فرخ خان نے کہا کہ نوجوان عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ساتھ دیں اسکی ممبر شپ لیں اور ملک دشمن حکمرانوں کے خلاف انقلابی قافلے کا حصہ بن جائیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو VIPکلچر سے پاک سیاسی جماعت کا تحفہ دیا ہے۔

عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے نوجوان باوقار طریقے سے اپنا قومی و سیاسی کردار ادا کر سکتا ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری جلد قصاص تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کریں گے اور اس ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔عوام کو اقتدار میں حصہ دار بنانے کی عوامی تحریک کی آئینی و قانونی جدوجہد جاری رہے گی ۔صدر یوتھ ونگ لاہور نے کہاکہ عوامی تحریک کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ قیادت نے بھی قربانیاں دینے کی روایت قائم کی ہے ۔

عوامی تحریک کے لیڈروں نے کبھی بھی شیشے کے محل میں بیٹھ کر اشاروں پر اقتدارکا کھیل نہیں کھیلا اور اپنے عظیم کارکنوں کو کسی کی خواہشات کا ایندھن نہیں بننے دیا۔نوجوان ڈاکٹر طاہر القادری کی فکر سے رہنمائی لے کر عوام کو موجودہ سیاسی نظام کی خرابیوں سے آگاہ کریں۔قاتل حکمرانوں نے ملکی سیاست کو غریب عوام کیلئے ناسور بنا رکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دن بدن عوامی تحریک یوتھ ونگ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور بڑی تعداد میں نوجوان ممبر شپ حاصل کر رہے ہیں ۔

پورے لاہور میں تنظیم سازی کا عمل جاری رہے گا ۔محمد عمر اعوان کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے سے یوتھ ونگ کی تنظیمی اور سیاسی قوت میں اضافہ ہو گا ۔دریں اثناء سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور٬صوبائی صدر بشارت جسپال٬ساجد بھٹی٬نور اللہ صدیقی و دیگر رہنمائوں نے محمد عمر اعوان کو یوتھ ونگ لاہور کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اجلاس میں چودھری مبین٬نواز قادری٬اختر مغل٬شیخ عتیق الرحمن و دیگر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :