بدحواسی میں بم کو لات مارنے والے حکمرانوں کے پاؤں پہلے ہی اکھڑ چکے ہیں ‘عبدالعلیم خان

2نومبر حکومت کے اعصاب پر سوار ہو چکا٬ ابن الوقت سیاستدانوں کے چہرے سامنے آ رہے ہیں٬ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بدحواسی میں بم کو لات مارنے کے عادی حکمرانوں کے پاؤں پہلے ہی اکھڑ چکے ہیں اور 2نومبر حکومت کے اعصاب پرسوار ہو چکا ہے ان حالات میں ابن الوقت سیاستدانوں کے چہرے عوام کے سامنے آ رہے ہیں اور خورشید شاہ سے لے کر مولانافضل الرحمان تک کے خوشامدانہ بیانات مفادات کی سیاست واضح کر رہے ہیں ٬حکومت پاناما لیکس کی طرح ڈان نیوز کی تحقیقات پر بھی مٹی ڈالنا چاہتی ہے لیکن اب حکمرانوں کو مزید مہلت نہیں ملے گی اور انہیں اپنی غلطیوں کا جواب دہ ہو نا پڑے گا ۔

لاہور کینٹ میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گذشتہ ربع صدی سے پنجاب پر حکمرانی کے باوجود میاں برادران لاہور جیسے بڑے شہر میں پینے کا صاف پانی تک مہیا نہیں کر سکی اور عام آدمی ہیپاٹائٹس سی جیسی مہلک بیماریوں کا شکار ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہار جیت سے قطع نظر ہم عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور این ای122اور این ای125کی مختلف یونین کونسلوں میں بلا تفریق واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے علاوہ ان علاقوں میں طبی سہولتوں کیلئے ڈسپنسریوں کے قیام پر بھی کام ہو رہا ہے تا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم ہو سکیں ۔

ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب محمد شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالعلیم خان اس علاقے کیلئے صحیح معنوں میں مسیحا بن کر آئے ہیں جو اپنی جیب سے خرچ کر کے عام آدمی کے مسائل حل کر رہے ہیں لاہور کینٹ کی وارڈ 5سے پی ٹی آئی کے کونسلر راجہ شہزاد نے اپنے علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے لوگوں کیلئے بہت بڑی نعمت قرار دیا محبوب علی ٬میاں اسلم٬ مجاہد اشرف٬ رانا ارسلان٬ محمد احتشام اور حافظ عامر مغل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

دریں اثناء عبدالعلیم خان نے این ای122کے صوبائی حلقے پی پی 147میں پی ٹی آئی کے رہنما ملک حماد کے دفتر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی سابق ناظم حاجی تسنیم شفیع ٬پی ٹی آئی کے مقامی رہنما لالہ رفیق ٬یونس خان اور ملک محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے جہاں لوگوں نے عبدالعلیم خان اور ایم پی اے محمد شعیب صدیقی کا والہانہ استقبال کیا ۔