ایم کیو ایم پاکستان کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

ارباب اختیار اپنے عمل سے ثابت کریں کہ ہمیں بھی دوسرے پاکستانیوں کے برابر حقوق حاصل ہیں٬ سربراہ متحدہ پاکستان ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن گرائونڈ پر موجود ہے ٬اپنی وفاداریاں بدلے گا نہ ہی استعفیٰ دے گا بلکہ قوم کی خدمت کرنے کی جو روایات ہماری رہی ہیں ان پر کاربند رہے گا٬پریس کانفرنس

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے گھر گھر جا کر100 دن کی خدمتی مہم چلائیں گے٬ اپنے ووٹرز سے رابطہ کسی طور نہیں ٹوٹنے دیں گے اس لیے عوام اورکارکنان سے کہوں گا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے٬ ہماری آئینی اورسیاسی جدو جہد جاری رہے گی٬ جلد آپ کے مسائل کے حل کے لیے آپ کے دروازے پر ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن گرائونڈ پر موجود ہے اور اپنی وفاداریاں بدلے گا نہ ہی استعفیٰ دے گا بلکہ قوم کی خدمت کرنے کی جو روایات ہماری رہی ہیں ان پر کاربند رہے گا۔23اگست کو کیا گیا اقدام مہاجر قوم کو متحد رکھنے کے لیے اٹھایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی آئی بی کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فاروق ستارنے کہاکہ مہاجرعوام اور کارکنوں کو22 اگست کی عینک سے نہ دیکھا جائے٬ افسوس ہے کہ کچھ لوگ عوام کو 22 اگست کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں٬ خود کو 22 اگست سے جوڑنے والے کچھ لوگ ہماری پالیسیوں اور نظریات کے باعث منتخب نمائندوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ہم اب تک خاموش ہیں٬ دھمکیاں دینے والوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ تمام منتخب نمائندے اور عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

23 اگست کے اقدام کا مقصد تھا کہ عوام اور کارکنوں کو متحد رکھا جاسکے٬ اپنے بیان پر قائم ہیں اور ہماری آئینی و سیاسی جدو جہد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم 2 روز بعد پوری طاقت کے ساتھ عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں جس میں ہمارے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے گھر گھر جا کر ایم کیو ایم کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔

رابطہ مہم کے ذریعے عوام کے مسائل جان کر اپنے اختیارات کے مطابق مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے٬ اس کے علاوہ 100 روزہ عوامی خدمت مہم بھی شروع کر رہے ہیں جس سے سڑکوں کی توسیع و مرمت اور کراچی شہر کی صفائی کر کے اسے خوبصورت بنانے اور پانی کا مسئلہ بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے٬ عوامی مسائل پوری دیانتداری کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر بے یار و مددگار ہے لیکن ہم کراچی٬حیدر آباد اور میر پورخاص کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے اور ایم پی اے ٬ایم این اے فنڈز سے علاقوں میں جو بن سکا ترقیاتی کام کروائیں گے۔سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہاکہ محدود اختیارات کے باوجود بہت بڑی تحریک شروع کر رہے ہیں اور آج کی پریس کانفرنس پہلا ٹریلر ہے٬ ارباب اختیار٬ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کہتا ہوں کہ ہم نے ایسی قربانیاں دی ہیں کہ اس کی نظیر پاکستان میں نہیں ملتی لہذا ہمارے منتخب پارلیمانی و صوبائی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ظلم اب بند ہونا چاہیئے٬ ہمیں بھی اب برابر کا پاکستانی تسلیم کیا جانا چاہیئے اور ارباب اختیار اپنے عمل سے ثابت کریں کہ ہمیں بھی دوسرے پاکستانیوں کے برابر حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر یہ وضاحت کی کہ ایم کیو ایم پاکستان میرے یعنی ڈاکٹر فاروق ستار کے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرد ہے اور ہم ہی ایم کیو ایم ہیں اس حوالے سے ایک دھڑے کا دعوی خود ساختہ اور بے بنیاد ہے۔ یہ دھڑا قوم کو 22 اگست سے ہی منسلک رکھنا چاہتا ہے تا کہ متحد مہاجر قوم کا شیرازہ بکھر جائے اور قوم کو متحد و منظم کرنے کی ہماری کاوشیں دم توڑ جائیں گے۔

ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے شکوہ کیا کہ ہمارے منتخب نمائندوں کو دھمکیاں جا رہی ہیں٬وفاداریاں تبدیل نہ کرنے پر گرفتاری اور چھاپوں کی دھمکی دی جاتی ہیں٬ہمارے منتخب ضلعی چیئرمین و وائس چیئرمین٬یونین کونسل چیئرمین و وائس چیئرمین اور کونسلرز پر کہیں سے استعفی دینے کی تو کہیں سے وفاداریاں دینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔آخر میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن گرائونڈ پر موجود ہے اور نہ اپنی وفاداریاں بدلے گا نہ ہی استعفی دے گا بلکہ قوم کی خدمت کرنے کی جو روایات ہماری رہی ہیں ان پر کاربند رہے گا۔