وفاقی حکومت اگلے دو سالوں میں ایبٹ آباد کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دے گی‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

آپریشن پر آنے والے اخراجات حکومت خود برداشت کرے گی ٬ْ مرتضیٰ جاوید عباسی کا خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اگلے دو سالوں میں ایبٹ آباد کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دے گی٬ پاکستان سیاستدانوں کی وجہ سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا٬ وژن 2025ء کسی ایک جماعت کا ایجنڈا نہیں٬ گذشتہ تین سالوں میں پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ ترقی کرنے والا ملک بن گیا ہے۔

وہ ماڈرن ایج گرلز کالج ایبٹ آباد میں ’’ماں‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن تھیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ قومیں ہمیشہ معاشی اور اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل سے ہی بنتی ہیں٬ ترقی یافتہ ممالک کی برتری صرف سیاستدانوں کی وجہ سے ہے٬ چین٬ جاپان اور ملائیشیا نے ترقی کا جو سفر 40 سالوں میں طے کیا وہ پاکستان 15 سالوں میں طے کر لے گا بشرطیکہ قوم وژن 2025 ء کے تناظر میں سیاسی قیادت کا ساتھ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی جنگ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے تھی٬ اس کے باوجود پاکستان نے بیرونی قرضوں پر انحصار کرنے کی بجائے عالمی برادری پر واضح کیا کہ آپریشن پر آنے والے اخراجات حکومت خود برداشت کرے گی اور بیرونی امداد کی مد میں ایک پائی بھی وصول نہیں کی جائے گی۔ مرتضیٰ عباسی نے کہا کہ پاکستان ایک سیاستدان نے ہی بنایا٬ ترقی یافتہ ممالک کی برتری کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے عوام نے سیاسی قیادت کے ہاتھ مضبوط کئے٬ ہم بھی اقتصادی لحاظ سے سپر پاور بن سکتے ہیں٬ اگر قوم اہل سیاستدانوں کا ساتھ دے۔

ڈپٹی سپیکر نے ایبٹ آباد میں تعلیم کی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال قبل ایبٹ آباد تعلیم کے لحاظ سے سب سے آگے تھا مگر اب خواندگی کی شرح کم ہو گئی ہے٬ ماہرین تعلیم کو اس امر پر سوچ و بچار کرنی چاہئے٬ حکومت بھی اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :