ملک میں تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے ٬ْانوشہ رحمن

ایبٹ آباد کے سکولوں میں بھی وفاقی حکومت کے زیر اہتمام مائن کرافٹ کا منصوبہ شروع کیا جائے گا٬ خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 19:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے ٬ْایبٹ آباد کے سکولوں میں بھی وفاقی حکومت کے زیر اہتمام مائن کرافٹ کا منصوبہ شروع کیا جائے گا٬ شہریوں کو چاہئے کہ وہ ایبٹ آباد میں سڑکوں کی تعمیر٬ صفائی اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے اپنے منتخب نمائندوں کے پاس جائیں کیونکہ اچھی سہولیات عوام کا حق ہے۔

وہ ماڈرن ایج گرلز کالج میں ’’ماں‘‘ کے عالمی دن اور تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر شرکا سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی٬ واحد سراج اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت انوشہ رحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اس ملک کی آبادی 52 فیصد حصہ ہیں٬ ہمیں سیاست میں بھی مائوں کی ضرورت ہے جو نئی نسل کی تربیت کریں٬ مائیکروسافٹ سے حکومت کے معاہدہ کے بعد مائن کرافٹ کے تحت فورسز کی تربیت تعلیمی نصاب میں شامل کی جائے گی جبکہ ایبٹ آباد میں اس منصوبہ کا آغاز ماڈرن ایج کالج سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت نے ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے 150 بیت المال کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب کی سطح پر مختلف اضلاع کے پبلک سیکٹرز میں ڈے کئیر سنٹرز کے قیام کے ذریعہ خواتین کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے٬ اگر دیگر صوبے بھی اس منصوبہ کی تقلید کریں تو خواتین کی معاشی خود کفالت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا کے مضمرات سے زیادہ اس کے فوائد پر توجہ دینا چاہئے تاکہ منفی اثرات سے بچا جا سکتا ہے٬ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے٬ امتحان میں ٹاپ کرنے والی طالبات کو جدید ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنے سے ملک کی افرادی قوت بڑھے گی جس سے معاشی استحکام کا راستہ ہموار ہو گا۔ وزیر مملکت نے اس امر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ کے صارفین میں فری لانسنگ کی شرح کو دیکھا جائے تو پاکستان چوتھے نمبر پر آتا ہے٬ ہمارے ملک میں پندرہ٬ سولہ سال کے بچے اس وقت گھر بیٹھے ہزاروں ڈالر کما رہے ہیں٬ مستقبل قریب میں پاکستان کا بچہ بچہ نالج ورکر بن جائے گا کیونکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان سے مسلسل مثبت خبریں آ رہی ہیں۔

قبل ازیں ماڈرن ایج کے پرنسپل واحد سراج نے سکول کی کارکردگی کے حوالہ سے رپورٹ پیش کی اور تعلیم کے فروغ کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کو ناگزیر قرار دیا۔ وزیر مملکت انوشہ رحمان نے تقریب کے دوران طلبہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور یقین ظاہر کیا کہ اس طرح کے تعلیمی اداروں نے اگر بچوں کی احسن تربیت کا عمل جاری رکھا تو ترقی کے اہداف کا حصول آسان ہو جائے گا۔