مشتاق غنی ہزارہ کے عوام کو ترقی سے دور رکھنا چاہتے ہیں‘ سردار اورنگزیب نلوٹھہ

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:50

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے مشیر مشتاق غنی ہزارہ کے عوام کو ترقی سے دور رکھنا چاہتے ہیں٬ وزیر اعلیٰ کو ہزارہ سے گذرنے والی اقتصادی راہداری ہضم نہیں ہو رہی٬ مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم نواز شریف علاقائی مفاد کی بجائے قومی مفاد پر فیصلے کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دنیا کا 13 واں بڑا منصوبہ ہے جس سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا٬ تحریک انصاف کے بعض وزراء خیبر پختونخوا سے گذرنے والی اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنا کر صوبہ میں انتشار ڈالنا چاہتے ہیں جو عوام دشمن سوچ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے وزیر مشتاق غنی کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ میڈیا پر آ کر اقتصادی راہداری روٹ پر ان سے مناظرہ کر لیں٬ اقتصادی راہداری روٹ پر ہزارہ میں تین انڈسٹریل زون تین ریلوے ٹریک جبکہ حویلیاں میں ڈرائی پورٹ بننے کے ساتھ ساتھ بجلی٬ گیس اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک اور بعض وزراء اس منصوبہ کو متنازعہ بنا رہے ہیں۔