واسا خالی آسامیوں پر دوبارہ ٹیسٹ و انٹرویو لیکر بھرتیاں کرے‘مشتاق غنی

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی ایبٹ آباد کو ہدایت کی کہ وہ کمپنی کی خالی آسامیوں پر کی گئی تقرریوں کو منسوخ کر کے دوبارہ شفاف طریقہ سے ٹیسٹ و انٹرویو لیکر بھرتیاں کی جائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے خیبر پختونخوا ہائوس ایبٹ آباد میں واسا کمپنی کی ایبٹ آباد میں بھرتیوں کے حوالہ سے عوامی شکایات پر بلائے گئے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی٬ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون٬ رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد ادریس٬علی خان جدون٬ سابق ایم پی اے نثار صفدر٬ چیئرمین واسا شاہد جنجوعہ٬ سی او واسا اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشتاق غنی نے چیئرمین واسا کو ہدایت کی کہ بھرتیوں کے حوالہ سے دوبارہ بورڈ آف گورنر کا اجلاس بلا کر شفاف طریقہ سے تمام بھرتیاں کی جائیں اور تمام ممبران واسا بھی مشاورت میں شامل کیا جائے تاکہ دوبارہ کسی قسم کی شکایات نہ ہو اور جو بھی بھرتی کی جائے صوبائی حکومت کے بنائے گئے قوائد اور میرٹ کے مطابق کی جائے۔

انہوں نے چیئرمین واسا کو ہدایت کی کہ شہر میں واسا کے کام شروع کرنے سے بہت زیادہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں لہذا جلد از جلد واسا اپنا کام شروع کرے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کم ہو سکیں۔