وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو ایک وبائی مرض ہے جو اعصابی نظام پر اثر انداز ہو کر مستقل معذوری کی شکل اختیار کر جا تا ہے لیکن بر وقت ویکسی نیشن کے ذریعے بچوں کو اس موزی مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے بھر پورآگاہی مہم کامیابی سے چلا رہی ہے اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے پنجاب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ پولیو کے تدارک کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اورپاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے۔ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ حکومتی کوششوں اور عوام کے تعاون سے جلد ہی پاکستان پولیو فری ملک بن جائیگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مساجد٬ دینی مدارس٬سکولوں اور متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد پولیو سے بچائوکیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ لگن کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پولیو مہم کے دوران بعض ورکرزدہشت گردی کا نشانہ بھی بنے٬ تاہم پاکستان کو پولیو فری بنانے کے عزم میں کمی نہ آئی۔

موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پولیو کے کیسز میں کمی آئی ہے۔ پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کے باعث امسال پنجاب میں پولیو کا کوئی ایک کیس بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔وزیر اعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلیے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔