تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدرزمان کی کردار کشی کی مذمت کرتا ہوں‘ مرتضیٰ جاوید عباسی

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) قائم مقام سپیکر قومی اسیمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے حالیہ دورہ ہزارہ کے دوران بزرگ سیاسی رہنما تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان اور دیگر عوامی نمائندوں کی کردار کشی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے٬ وزیراعلیٰ نے عوامی نمائندوں کی کردار کشی کر کے اخلاقی اقدار کو پامال کیا ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بابا حیدر زمان ایک بزرگ سیاست دان ہے اور سب ان کا احترام کرتے ہیں٬ وزیراعلیٰ کی طر ف سے ان کی کردار کشی سمجھ سے بالاتر ہے٬ اخلاقی اقدار کی پامالی پی ٹی آئی کی قیادت کا پر انا وطیرہ ہے٬ اب وزیراعلیٰ بھی اسی روش پر چل پڑے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور رہے گا٬ وزیراعلیٰ کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا٬ تین سال قبل وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ میں اپنے جلسہ میں دو کروڑ مقامی سڑکوں٬ ایک کروڑ واٹر سپلائی سکیموں٬ ایک بی ایچ ایو بنانے اور بگنوتر سے نتھیاگلی براستہ نملی میرا کیلئے 30 کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک اس میں صرف دو کروڑ روپے دیئے گئے ہیں٬ وزیراعلیٰ کے حالیہ اعلانات بھی ہوائی فائر ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے پاک ۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی مخالفت ان کی قومی ترقی سے وابستگی اور ہزارہ ڈویژن سے دشمنی نمایاں طور پر عیاں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا سی پیک کا منصوبہ ملکی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تکمیل سے ملک میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا٬ یہ منصوبہ جھاری کس سے داسو تک ہزارہ ڈویژن سے گذرے گا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی ہے۔