پاکستانی نوجوان خود کو جدید ٹیکنالوجیز اور جدید تعلیم سے آراستہ کریں

ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے صدرممنون حسین کا پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں طلبہ سے خطاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:30

دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اندرون و بیرون ملک پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو کمپیوٹر٬ انٹرنیٹ اور سمارٹ فون جیسی جدید ٹیکنالوجیز اور جدید تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ اس کا مثبت استعمال انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ قطر میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر انتظام پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ انٹرنیٹ کی ایجاد نے اس دنیا کو تبدیل کر دیا ہے تاہم صدر مملکت نے ان ٹیکنالوجیز کے منفی استعمال کے حوالہ سے خبردار کیا اور کہا کہ میں مشورہ دیتا ہوں کہ آپ انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے ان ٹیکنالوجیز کے بارے میں علم حاصل کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت جو کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد بن خلیہ الثانی کی دعوت پر قطر کے چار روزہ سرکاری دورہ کے سلسلہ میں دوہا میں ہیں٬ نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن سینٹر میں ان کے آنے کا مقصد طلبہ سے ملنا اور یہ معلوم کرنا ہے کہ وہ اپنے ملک اور دنیا کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بارے میں مثبت سوچ کو فروغ دیں اور ہماری اخلاقی اور روحانی اقدار کی پیروی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اچھے پاکستانی ہوں گے تو اس کا مطلب ہو گا کہ ہم اخلاقی اور روحانی اقدار کی پیروی کر رہے ہیں اور ہم صحیح راستہ پر گامزن ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ شخص جو دیانتداری اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے٬ کرپشن سے اجتناب کرتا ہے اور انسانیت کی فلاح کیلئے اپنے آپ کو وقف کرتا ہے وہی شخص اچھا تصور کیا جائے گا٬ یہی وہ راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے ہم اس دنیا کو پرامن اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ہمیں نئی نسل سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ مایوس نہیں کریں گے۔ صدر مملکت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان ایجوکیشن سینٹر سے فارغ التحصیل نوجوان برادر ملک میں قطر کی مسلح افواج سمیت مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم اور گہرے ہوں گے۔ صدر مملکت نے پاکستانی نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم فراہم کرنے پر پاکستان ایجوکیشن سینٹر کے اساتذہ اور سٹاف کی خدمات اور محنت کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :