عالمی استعمار ی قوتوں نے پختونوں کی اسلام سے محبت کی سزا کے لیے نت نئے حربے اختیار کیے ‘لیاقت بلوچ

اسلام دشمن اور پاکستان کی سیکولر قوتیں چاہتی ہیں کہ اسلامی قیادت اور مساجد و مدارس بند ہو جائیں اور پاکستان کو اسلامی بنیادوں سے ہٹا کر سیکولر ریاست بنادیا جائے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نظام شریعت اور قرآن و سنت کی تعلیمات کا عشق رکھتے ہیں ٬عالمی استعمار ی قوتوں نے پختونوں کی اسلام سے محبت کی سزا کے لیے نت نئے حربے اختیار کیے ٬ اسلام دشمن اور پاکستان کی سیکولر قوتیں چاہتی ہیں کہ اسلامی قیادت اور مساجد و مدارس بند ہو جائیں اور پاکستان کو اسلامی بنیادوں سے ہٹا کر سیکولر ریاست بنادیا جائے ۔

نوشہرہ میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اسلام کے متوالے پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت کریں گے اور نظریاتی ٬ معاشی ٬ انتخابی ٬ کرپشن کی بیخ کنی کریں گے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا اجتماع عام اسلامی انقلاب کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام کو بیدار اور کرپٹ مافیا کو بے نقاب کر دیا ہے ۔

پانامہ لیکس کی کرپشن منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نوازشریف اپنے اعلان اور حکومت و اپوزیشن کے متفقہ ٹی او آرز کے مطابق عدالتی کمیشن قائم کر دیتے تو آج سیاسی بحران کھڑا نہ ہوتا اس کی ذمہ دارحکومت اور وزراء ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاسی جلسوں میں شائستگی ضروری ہے ۔ سیاسی پارٹیوں کے قائدین ایک دوسرے پر آوازے نہ کسیں ۔ احتجاج ٬ دھرنے ٬ ریلیاں اپوزیشن جماعتوں کا آئینی ٬ سیاسی جمہوری حق ہے لیکن جمہوری قوتوں کو یہ احتیاط لازماً کرنا ہوگی کہ آئین ٬ آزاد عدلیہ اور جمہوریت پر کوئی شب خون نہ مارسکے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی صورت متنازعہ نہ بنایا جائے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے جہلم میں راجہ محمد اکرم کے بیٹے کی ولیمہ تقریب میں بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :