اگر ہماری جماعت اقتدار میں آئی تو ہم صوبے میں کرپشن ٬ بے روزگاری ٬ غربت ٬ لاقانونیت ٬ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے ٬ْعنایت الله

اتوار 23 اکتوبر 2016 18:20

پشاور۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله نے کہا ہے کہ اگر ہماری جماعت اقتدار میں آئی تو ہم صوبے میں کرپشن ٬ بے روزگاری ٬ غربت ٬ لاقانونیت ٬ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے ۔تعلیم اور صحت کو سب کے لئے لازمی اور زراعت ٬ سیاحت ٬ معدنیات اور توانائی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دیں گے کیونکہ ان شعبوں میں کافی گنجائش موجود ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اضا خیل میں اجتماع عام کے دوسرے دن شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی امیر سینٹر سراج الحق ٬ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ٬ صوبائی امیر مشتاق احمد خان اور بڑی تعداد میں ایم این ایز ٬ ایم پی ایز اور ناظمین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عنایت الله نے کہا کہ صوبے میں بجلی اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے بڑے اور چھوٹے ڈیم اور کنویں بنائیں گے اور ان کی پیداوار اتنی زیادہ بڑھائیں گے کہ اسے دوسرے صوبوں اور بیرونی ممالک کو برآمد کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر نوجوانوں کے لئے روزگار کے خصوصی مواقع پیدا کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے صنعتی شعبہ پر خصوصی توجہ دے کر زیادہ سے زیادہ کارخانے قائم کریں گے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارے ان اقدامات کے نتیجے میں خیبر پختونخوا جنوبی ایشیاء کا سنگار پور بن جائے گا جہاں لوگ دیگر صوبوں اور ممالک سے روزگار اور محنت مزدوری کے لئے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سوات پر خصوصی توجہ دے کر ہر ڈویژن میں ایک خواتین یونیورسٹی اور ہر ضلع میں ایک پوسٹ گریجویٹ کالج قائم کریں گے جبکہ نوجوانوں ٬ طلباء ٬ کسانوں اور صنعت کاروں کو بے لا سود قرضے دے کر ان کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ۔