اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا دھرنا کتنے دن جاری رہے گا یہ حکومت بتائے گی ٬ْعارف علوی

گورنر سندھ کو مصطفی کمال کے الزامات کے بعد استعفیٰ دے دینا چاہیے ٬ْ میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اکتوبر 2016 17:55

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا دھرنا کتنے دن جاری رہے گا یہ حکومت بتائے گی ٬ گورنر سندھ کو مصطفی کمال کے الزامات کے بعد استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ حیدرآباد پریس کلب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وہ پانامالیکس اور کرپشن کے خلاف سندھ کے دورے پر نکلے ہیں ٬ دو نومبر کے دھرنے میں سندھ کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کیلئے سندھ کے ہر حصے میں جائیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ پاناما لیکس پر دنیا بھر کے ممالک میں تحقیقات ہوچکی ہیں تاہم نواز شریف کے خلاف پاکستان کے اداروں نے تحقیقات کرنے سے انکار کردیا ٬ اداروں کو کہنا ہے کہ پاناما لیکس اخبار کی خبر ہے اس پر تحقیقات نہیں کی جاسکتی ٬ سپریم کورٹ نے بھی بڑا مایوس کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں ان الزامات میں صرف الطاف حسین کا ہی نام نہیں دیگر لوگوں کے نام بھی ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ گورنر عشرت العباد کو استعفیٰ دے دینا چاہئے کیونکہ ان پر الزام کراچی کے ناظم مصطفی کمال نے لگائے ہیں جبکہ دوسروں کے خلاف بھی تحقیقات ہونا چاہئے کیونکہ گورنر کی رائے کی بڑی اہمیت ہے ٬ گورنر نے سی پی ایل سی سے جن جرائم پیشہ افراد کی فہرست نکلوائی تھی ان کے خلاف بھی کارروائی ہونا چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ پی پی کے ساتھ چلنے کی کوشش کی تھی ٬ دھرنے میں شرکت کی بھی دعوت دی لیکن انہوں نے ساتھ نہیں دیا ۔ انہوںنے کہاکہ ستائیس دسمبر کے بعد دیکھیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے سندھ کے شہروں اور پی پی نے دیہی علاقوں کو برباد کیا ہے اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔