پاکستان مسلم لیگ کی چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر اسلام آباد دھرنا کیلئے تیاریاں

بشارت راجہ کو رابطوں کی ہدایت٬ حتمی تفصیلات طے کرنے کیلئے 27اکتوبر کو لاہور میں اجلاس طلب

اتوار 23 اکتوبر 2016 17:55

پاکستان مسلم لیگ کی چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر اسلام آباد دھرنا ..

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ نے 2نومبر کو اسلام آباد دھرنا میں شرکت کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ضلعی٬ تحصیل اور یونین کونسل کی تنظیموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اسلام آباد پہنچیں اور دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے 27اکتوبر کو مسلم لیگ ہائوس لاہور میں اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی عہدیدار٬ ارکان اسمبلی٬ ٹکٹ ہولڈر اور دیگر زعما شرکت کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اس سلسلہ میں باہمی رابطے٬ انتظامات اور پی ٹی آئی کے ساتھ کوآرڈی نیشن کیلئے محمد بشارت راجہ کو مامور کیا ہے۔ اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے٬ میجر (ر) طاہر صادق٬ امتیاز رانجھا اور حافظ عمار یاسر بھی شریک تھے۔