․غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کے اطراف میں400ملین روپے کی لاگت سے جدید کیمرے نصب کئے جانے کی حتمی منظوری دے دی گئی٬ڈاکٹر سکندر شورو

اتوار 23 اکتوبر 2016 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے صوبے بھر میں موجود غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کے اطراف 5ہزار سے زائد جدید سیکورٹی سرویلنس کیمرے نصب کرنے کی حتمی منظوری دیتے ہوئے سیکریٹری آئی ٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات ہیں کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبے بھر میں موجود اقلیتی برادری کی تمام عبادت گاہوں کا سیکورٹی سروے کروایا جائے اور رپورٹ کی روشنی میں عبادت گاہوں کے اطراف 4سے 16 کیمرے اس انداز سے نصب کئے جائے کے مانیٹرنگ موثر انداز سے ہو سکے جس سے عبادت گاہیں مزید محفوظ ہوجائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے 400ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ 7ملین روپے منصوبے کی مانیٹرینگ اور دیکھ بھال پر خرچ ہونگے جس کے لیے مانیٹرنگ روم بھی تعمیر کیے جائینگے جہاں پر 24 گھنٹے تربیت یافتہ اسٹاف موجود ہو گا ۔ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی جانب سے ای گورننس کے لیے کئے گئے اقدامات اور آ ئی ٹی روڈ میپ 2015-2010 کاحصہ ہے جس کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عوامی خدمت اور اس مد میں ہونے والے اخراجات میں کمی کے لیے موثر انداز سے استعمال کرنا شامل ہے۔