وفاقی حکومت خیبر پختونخوا اور پختونوں کو تمام معاملات اور ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کر رہی ہے٬سکندر حیات خان شیرپائو

خیبر پختونخوا کو سی پیک میںپورا حصہ دینے٬بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھانے٬صوبے کے وسائل پر اختیار اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ سمیت ان کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے٬سینئروزیرخیبرپختونخوا

اتوار 23 اکتوبر 2016 17:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے خیبر پختونخوا کو سی پیک میںپورا حصہ دینے٬بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھانے٬صوبے کے وسائل پر اختیار اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ سمیت ان کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ مزید ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ PK-10کے علاقہ کگہ ولہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر علاقہ کے معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک زید اللہ خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پختون خطہ پر جاری سنگین حالات کا مقابلہ کرنے اور پختون قوم کو امن٬ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ایک طرف مرکز کی طرف سے نامناسب رویہ اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی وجہ سے پختونوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے تو دوسری طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے نقصانات پر وفاق کی طرف سے سرد مہری کی بدولت یہاں پر پائی جانے محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے٬ قدرتی گیس٬تیل اور بجلی ضرورت سے زیادہ پیدا کررہا ہے جبکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت کی طرف سے امتیازی پالیسیوں کا سامنا ہے اور خیبر پختونخوا اور پختونوں کو تمام معاملات اور ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پختونوں کی آواز مزید مضبوط و موثرہو گی بلکہ ہمارا صوبہ ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا جس سے پختونوں کی قومی یکجہتی بھی پیدا ہو گی۔انھوں نے وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے فوری مردم شماری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک صحیح مردم شماری نہیں ہوگی تب تک وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا لہٰذا مردم شماری کے جلد انعقاد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر اور اکنامک زون سمیت تمام لوازمات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پختونوں کی پسماندگی کا ازالہ کرکے ان کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے سینئر وائس چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی٬جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ٬ملک سلیم چمکنی٬نواز خان درانپور٬اقبال خان اوراسرار خان کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :