کشمیر کی تاریخ میں 24اکتوبر کا دن ایک عظیم مقصد کے لیے ٬قربانی اور مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے‘بھارت اپنی غاصبانہ کاروائیوںکے ذریعے نہیں دبا سکتا‘20 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کشمیریوں کی آزادی کاسورج جلد طلوع ہونے والا ہے

وفاقی وزیرامورکشمیرچوہدری محمد برجیس طاہرکا کشمیرکے 69ویںیوم تاسیس پرخصوصی پیغام

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے آزادکشمیر کے 69 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کی تاریخ میں 24 اکتوبر کا دن خصوصی اہمیت کا حامل ہے اس عظیم دن سردار محمدابراہیم کی سربراہی میں کشمیر میں آزادحکومت کی بنیاد رکھی گئی جس کو بعدازاں تقسیم ہند کے تمام طے شدہ اُصولوں کو پارہ پارہ کرتے ہوئے اور ایک نام نہاد instrument of accession کو بنیاد بناتے ہوئے کشمیر پر ناجائزقبضہ کر لیا گیا اور اُس نا انصافی اور ظلم کی اُس آگ میں دھکیل دیا گیا جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرپچھلے ستر سالوں سے بھارتی ظلم اور بربریت کی آگ میں جل رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طرف حیدر آباد اور جونا گڑھ کی ریاستوں پر اس بنیاد پر قبضہ کیا گیا کہ وہاں کی اکثریتی آبادی غیر مسلم ہے اور حکمران مسلمان تھے لیکن عین اُسی وقت کشمیر پر اس لیے قبضہ کیا گیا کہ اگرچہ وہاں کی اکثریتی آبادی مسلمان ہے لیکن چونکہ غیرمسلم نے بھارت سے نام نہاد intruement of accession پر دستخط کیے تھے لہذا اس پر قبضہ کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس دوہرے معیار کی وجہ سے آج ستر سال گزرنے کے باوجود جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور کشمیری عوام آج بھی انصاف کے لیے بین الاقوامی برادری کی راہ دیکھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 24 اکتوبر کا دن کشمیر ی عوام کو قابض بھارتی حکومت اور فوج سے چھٹکارے اور آزادی کے حصول کے لیے اُمید کی کرن اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کابھی سبق دیتا ہے۔

انہوں نے کہ یوم تاسیس اُس جوش وجذبے کا بھی دن ہے کہ جس دن پوری کشمیری عوام اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ آزای کے حصول تک غاصب بھارتی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہا کہ پچھلے ستر سال سے کشمیری عوام بڑے جوش وجذبے اور بہادری سے آزادی کی شمع جلائے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت کے اربوں ڈالرز کے سبز باغ٬ظلم وبربریت کی نت نئے ہتھکنڈے ٬اجتماعی قبریںاور POTA اور TADA جیسے کالے قوانین بھی تحریک آزادی کے لیے اُن کے جوش وجذبے کو کم کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اور برھان وانی کی شہادت کی بعد کی صورت حال میں پرامن تحریک آزادی اپنی کامیابی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج کشمیری عوام پر جتنے مرضی مظالم ڈھا لے وہ اب کسی صورت میں تحریک آزادی کی اس تحریک کو روک نہیں سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے یوم تاسیس کے اس موقع پر اپنے کشمیریوں بہن بھائیوں کو پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون اور ہر سطح پر سفارتی ٬سیاسی و اخلاقی حمایت کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ بیس کروڑ پاکستانی عوام اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس مشکل کی گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی او ر آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہو گا۔