منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا آغوش کمپلیکس میں اہم اجلاس

سالانہ تقریب تقسیم انعامات ’’سالانہ اسمبلی 2016 ‘‘ الحمرا ہال میں 29 اکتوبر کو ہو گی نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تعاون سے پورے ملک میں مہم شروع کی جائے گی: فیصلہ

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا اہم اجلاس آغوش کمپلیکس میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی راشد حمید کلیامی نے کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات ’’سالانہ اسمبلی 2016 ‘‘ کے عنوان سے الحمرا ہال میں 29 اکتوبر (ہفتہ) کو ہو گی ۔

تقریب کی صدارت منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئر مین ڈاکٹر حسین محی الدین کریں گے جبکہ ملک کی اہم سیاسی٬سماجی ٬مذہبی و علمی شخصیات بھی شرکت کریں گی ۔تقریب میں پاکستان بھر سے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت قائم سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ شرکت کریں گے ۔بہترین سالانہ کاکردگی کی بنیاد پر طلباء٬اساتذہ اور سکولوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

بچے ٹیبلو اور دیگر معلوماتی اور تفریحی پروگراموں میں حصہ لے کرعلم٬ امن اورمحبت کا پیغام دیں گے ۔اجلاس میں پروگرم کو حتمی شکل دینے کیلئے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔اجلاس میں سیف اللہ بھٹی ٬فارو ق اعوان٬ سہیل احمد رضا ٬شہزاد رسول٬علی وقار٬اویس خالد٬ہارون دلشاد ٬حفیظ الرحمن خان اور ایم ای ایس کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راشد حمید کلیامی نے کہاکہ اس وقت ملک طرح طرح کے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے ٬اصلاح احوال کی اگر کوئی صورت نظر آتی ہے تو وہ طلبہ ہیں ۔طلبہ قوم کا مستقبل ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا اس بات پر یقین ہے کہ اگر طلباء و طالبات سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کر لیں اور دوسری طرف اپنے کردار کو قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھالنے کا اہتمام کر لیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم ای ایس نے کم مدت میں ملک بھر میں 600 سے زائد سکول قائم کر کے معیاری تعلیم کو عام کیا ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا ویثرن ہے کہ سر سید احمد خان نے قوم کو ایک علی گڑھ دیا میں اس قوم کو 100 علی گڑھ دوں گا ۔اس مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کی جا رہی ہے ۔ایم ای ایس طلباء کی کریکٹر بلڈنگ کر کے انہیں مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کر رہی ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد کے سکولوں میں منشیات جیسی لعنت کے استعمال کے انکشاف پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔راشد کلیامی نے کہاکہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ایم ای ایس پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تعاون سے جلد پورے ملک میں زوردار مہم شروع کرے گی۔اجلاس میں اسلام آبادکے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر حکمرانوں کی بے خبری افسوسناک ہے ۔اجلاس میں قرارداد پاس کی گئی کہ تعلیمی اداروں کو منشیات فراہم اور استعمال کرنے والوں سے پاک کرنا ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :