ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے نو منتخب عہدیداروں نے حلف اٹھا لیا

وائی ڈی اے ہر ممکن کوشش کرے گی کہ ڈاکٹر برادری کو درپیش مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں‘ڈاکٹر سلیم ملک و ڈاکٹر آصف صغیر

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال کے نو منتخب عہدیداروں نے انسانیت کی خدمت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کاعہد کرتے ہوئے حلف اٹھایا ہے کہ وہ ہمہ وقت اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی سے ثابت کریں گے کہ ایل جی ایچ میں آنے والے مریضوں اور لواحقین کو جو توجہ اور علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب ہیںان کا معیار مزید بلند کریں گی--وائی ڈی اے جنرل ہسپتال کی نو منتخب قیادت سے صوبائی صدر ڈاکٹر اجمل چوہدری نے حلف لیا- تقریب حلف برداری میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں کے نوجوان ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی - حلف اٹھانے والوں میں ڈاکٹر سلیم ملک(صدر)٬ ڈاکٹر رانا آصف صغیر (جنرل سیکرٹری )٬ ڈاکٹر نبیل اشرف چیمہ(چیف کوآرڈینیٹر)٬ ڈاکٹر عثمان اشرف اور ڈاکٹر عمار اشرف (سینئر نائب صدر)٬ ڈاکٹر مدثر رانجھا (پریس سیکرٹری) سمیت دیگر عہدیداران شامل ہیں - تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اجمل چوہدری نے ایل جی ایچ کی نئی قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے دستیاب وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں - اس موقع پر وائی ڈی اے ایل جی ایچ کے صدر ڈاکٹر سلیم ملک اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر آصف صغیر نے وعدہ کیا کہ وہ سروس سٹرکچر کی مزید بہتری ٬ نئی اسامیوں کی منظوری اور تنخواہوں سمیت ڈاکٹر اجمل چوہدری نے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ انہیں آگے لیکر چلیں گے اور ڈاکٹر وں کو ہاسٹلز میں صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے علاوہ دوران ڈیوٹی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام آگے بڑھائیں گے اور ہر ممکن کوشش ہو گی کہ وہ وائی ڈی اے کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں بتدریج ختم کر سکیں اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کی جائے گی-

متعلقہ عنوان :