وفاقی وزیرصنعت و پیداوار منگل کو سمیڈا کے ریڈ چلیز پراسیسنگ سینٹر کا افتتاح کریں گے

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی منگل کو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ کے زیر انتظام سرخ مرچوں کی مکینکل ڈی ہائیڈریشن کیلئے قائم ریڈ چلیز پراسیسنگ سینٹر کنری کا افتتاح کریں گے٬ جس کے بعد مذکورہ سینٹر پوری طرح کام شروع کر دے گا۔۔افتتاحی تقریب سے سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب بھی خطاب کریں گے جبکہ تقریب میں سینئر صوبائی اور وفاقی اہلکاروں کے علاوہ سر خ مرچ کے کاشتکار٬ تاجر اور برآمد کنند گان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

سمیڈا کے زرائع نے بتا یا ہے ریڈ چلیز پراسسینگ سنٹر ٬ سندھ کے علاقے کنری میں اس لئے لگا یا ہے کہ سرخ مرچوں کی کل پیداوار کا 85 فیصدی حصہ سندھ میں پیدا ہو تا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن یہ پیداوار مون سون کے موسم میںتیار ہونے کی وجہ سے بارشوں کی نمی کی وجہ سے اس کے اندر افلا ٹاکسین بیکٹیریا ہو جاتا ہے جس سے تقریباًً 35 فیصدی پیداوار ہر سال ضائع ہو جاتی ہے۔

اور اسی وجہ سے پاکستان کی سرخ مرچوں کی برآمدات کو عالمی منڈی میں قبول نہیں کیا جاتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیڈا کے زیر انتظام مکمل ہونے والے ریڈ چلیز سنٹر کی بدولت سرخ مرچ کا شعبہ متذکرہ مسائل سے نجات پا کر معیاری مرچیں تیار کرنے لگے گا اور پاکستان سے سرخ مرچیں برآمد کے قابل بھی ہو جائیں گی٬ جس سے کسانوں ٬ تاجروں اور برآمد کنندگان کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔