Live Updates

وزیر اعلیٰ ہسپتالوں کی حالت زار پرایم ایس صاحبان کو معطل کرنے کی بجائے خود کو معطل کریں تو سب کچھ ٹھیک ہو جائیگا‘ مسرت چیمہ

دو نومبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہوگا ٬اگر حکومت نے رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو خس وخاشاک کی طرح بہہ جائے گی‘ رہنما پی ٹی آئی

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دو نومبر کے احتجاج کی کال کے بعد حکمرانوں اور ان کے درباریوں کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں ٬حکمران اب جتنی مرضی تدبیریں کر لیں سب ان کے اپنے گلے پڑیں گی ٬وزیر اعلیٰ پنجاب سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو معطل کرنے کی بجائے خود کو معطل کریں تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ کرپشن کی دیواروں پر کھڑے حکمران دوسروں کے کندھے تلاش کر نے میں مصروف ہیںلیکن موجودہ حالات میں جو بھی اپنا وزن حکمرانوں کے پلڑے میںڈالے گا وہ بھی ان کے جرائم میں شریک تصور کیا جائے گا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ دو نومبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہوگا اگر حکومت نے اس کے سامنے رکاوٹ بننے کی کوشش کی تو خس وخاشاک کی طرح بہہ جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ قوم کے عزم اور ولوے کو دیکھ کر حکمرانوں کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں اور اب ان کی کوئی بھی تدبیر انہیں بچا نہیں سکے گی۔انشا اللہ دو نومبر کو حق اور سچ کی فتح ہو گی اور اس لازوال جدوجہد کے نتیجے میں کرپش زدہ حکمران احتساب کے کٹہرے میں ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات