مولانا فضل الرحمن کی شہبازشریف سے ملاقات ٬تحریک انصاف کا دھرنا ناکام بنانے پر مشاورت

دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کوغیر جمہوری و غیر آئینی قراردیدیا پانامہ کا معاملہ عدالت میں ٬عمران خان دھرنا دے کر اپنی مرضی کا فیصلہ لینے کیلئے سپریم کورٹ پر دبائو ڈالنا چاہتے ہیں ٬اسلام آباد بند کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے٬ سربراہ جے یو آئی قوم ایسے کسی تماشے کا حصہ نہیں بنے گی٬باشعور عوام ترقی کے دشمنوں کے چہرے پہچان چکے ہیں٬وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 23 اکتوبر 2016 16:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2016ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ٬ ملاقات میں تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ٬دونوں رہنمائوں نے دھرنے کوناکام بنانے کے لئے مشترکہ حکمت طے کرنے بارے تفصیلی مشاورت کی٬دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کوغیر جمہوری و غیر آئینی قراردیدیا ۔

اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم درانی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی رضامندی کے مطابق پاناما لیکس کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے اور عمران خان دھرنے دے کر عدالتی فیصلے پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی کا فیصلہ لے سکیں کیو نکہ مظاہرے مرضی کافیصلہ لینے کیلیے عدالت پردباؤڈالنے کے زمرے میں آتے ہیں٬عدالت میں کیس چلنے کے بعد عمران خان کے پاس اب اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ٬ تحریک انصاف کا اسلام آباد بند کر نے غیر قانونی و غیرآئینی اقدام سمجھا جائے گا اوراسلام آباد بند کرنے کا اعلان عوام اور ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو بند کر کے پاکستان تحریک انصاف خود بند گلی میں داخل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاسی ماحول کی صورتحال 12 اکتوبر 1999ء سے قدرے مختلف ہے٬ اس حوالے سے خبریں محض افواہوں پر مبنی ہیں۔انہوںنے کہاکہ خدارا عمران خان قوم پر رحم کریں اور ملک کو چلنے دیں ٬ دھرنوں سے ملک کو پہلے بہت نقصان پہنچا ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم ایسے کسی تماشے کا حصہ نہیں بنے گی٬باشعور عوام ترقی کے دشمنوں کے چہرے پہچان چکے ہیں٬اسلام آباد بندکرنے والے ترقی کے سفر کو بند کرنا چاہتے ہیں٬منفی سیاست کرنیوالے سی پیک بندکراناچاہتے ہیں٬انتشار کی سیاست کرنیوالے پاکستان کی جگ ہنسائی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت جب ملک سے اندھیرے ختم کرنے جارہی ہے تو ایسے میں اسلام آباد بند کر نے اور دھر نے دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا ٬ انہوں نے کہاکہ عمرا ن خان قوم پر رحم کریں اور ترقی کی راہ پرگامزن ملکی معیشت کو تباہ نہ کریں ۔