امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے ٬ْبیرسٹر سلطان کا مطالبہ

یاسین ملک کی غلط تشخیص کرکے انکی صحت مزید خراب کر دی گئی ہے ٬ْ اسوقت زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں ٬ْ امریکی اعلیٰ افسر سے گفتگو

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے ٬ْامریکہ نہ صرف ایک سپر پاور ہے بلکہ انسانی حقوق پر بھی اسکا بہترین ٹریک ریکارڈ ہے اور وہ پہلے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کی مزمت بھی کر چکا ہے۔

اب اس امر کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔وہ یہاں اپنی رہائشگاہ پرواشنگٹن سے امریکی وزارت خارجہ کی آئی ہوئی اعلی افسر لیزا بوزینس کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی پولیٹیکل افسر اینڈریا ہلیئر بھی موجود تھی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کا اس بات سے انداز لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے اور یاسین ملک کی غلط تشخیص کرکے انکی صحت مزید خراب کر دی گئی ہے اور وہ اسوقت زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں۔لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی انکی زندگی بچانے کے لئے انکا علاج بیرون ملک کرائے۔

کیونکہ بھارت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور غلط انجکشن لگانے کی وجہ سے یاسن ملک کی صحت مزید بگڑ چکی ہے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی و جمہوری تحریک جاری ہے اور اسی طرح ہم بھی مسئلہ کشمیر کو بیرون ممالک میں اٹھا رہے ہیں لہذا امریکہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو رکوائے۔