وزیر اعظم آزاد کشمیر کا حریت رہنما یاسین ملک کی بھارتی قید میں خرابی صحت پر شدید تشویش کا اظہار

ْبھارت گرفتار کئے گئے تمام حریت قائدین کو فوری طور پر رہا کرے ٬ْراجہ فاروق حیدر کا مطالبہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کا نوٹس لیں ٬ْ میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے حریت رہنما یاسین ملک کی بھارتی قید میں خرابی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت گرفتار کئے گئے تمام حریت قائدین کو فوری طور پر رہا کرے ٬ْ حریت رہنما یاسین ملک کو جان بوجھ کر صحت کی سہولیات مہیا نہیں کی جارہی ہیں ۔

بھارت یاسین ملک کو علاج معالجہ کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ سینئر حریت لیڈر یاسین ملک کو بھارتی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر گرفتار کررکھا ہے اور جیل میں ان کی صحت شدید متاثر ہے ۔ علالت اور تشویشناک حالت کے باوجود یاسین ملک کو صحت و علاج معالجہ کی سہولت نہیں دی جارہی جو انتہائی غیر انسانی ہتھکنڈہ ہے ۔

(جاری ہے)

یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انہیں علاج معالجہ کی سہولیات میسر کی جائیں اور یاسین ملک کو فوری علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کا نوٹس لیں اور بے گناہ افراد سمیت حریت قیادت کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کا خاتمہ کرائیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ یوم تاسیس کی تقاریب میں بھرپور شرکت کریں ۔ آزاد کشمیر میں یوم تاسیس روایات سے ہٹ کر منایا جارہا ہے ۔ یوم تاسیس کو شایان شان انداز میں منا کر اس پار پیغام دینگے کہ بیس کیمپ کے عوام جدوجہد آزادی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑینگے ۔ وفود سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام حقیقی آزادی کا دن اس روز منائینگے ۔ جب سارا کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہوگا۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں عوام الناس جوش و جذبہ کیساتھ شرکت کریں ۔

متعلقہ عنوان :