کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے قوانین کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے عارضی طور پر اپنانے کی منظوری دیدی گئی

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2016ء) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے قوانین کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے لئے عارضی طور پر اپنانے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ یہ منظوری گزشتہ روز مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے پہلے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فخر امام ٬ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزمیجر جنرل (ر) ڈاکٹر محمد اسلم ٬ سپیشل سیکرٹری سیپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ساجد چوہان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

مشیر صحت نے سینڈیکیٹ اجلاس میں محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے افسران کی عدم شرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں دونوں محکموں کے سیکرٹری صاحبان کو خط تحریر کیاجائے ۔

(جاری ہے)

سینڈیکیٹ کے اجلاس میں یونیورسٹی کے امور کو احسن طریقہ سے چلانے کیلئے اکیڈمک کونسل ٬ سلیکشن بورڈ ٬ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی ٬ پروکیورمنٹ کمیٹی ٬ امپلیمنٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل کے لئے ممبران کے نامو ںکی منظوری دی گئی ۔

مزید برآں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے قوانین کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے لئے عارضی طور پر اپنانے کی بھی منظوری دی گئی - خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مذکورہ قوانین میں ایف جے ایم یو کے لئے مطلوبہ ترامیم کی سفارشات تیار کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی جائے جو ان قوانین کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے - اجلاس میں گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایس این ای کے مطابق منظور شدہ آسامیوں پر بھرتی کی بھی اجازت دی گئی - خواجہ سلمان رفیق نے انتظامی اورمالی امور کے بارے سینڈیکیٹ کا اجلاس دوبارہ پندرہ دن بعد بلانے کی ہدایت کی کہ تاکہ تشکیل کردہ کمیٹیاں ان امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات تیار کرسکیں -