گندم میں خودکفالت کیلئے بہتر حکمت عملی کو یقینی بناناہوگا٬ڈاکٹر انجم علی

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:06

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی نے کہا ہے کہ گندم میں خودکفالت برقرار رکھنے کیلئے رواں سال بھی بہتر حکمت عملی کے تحت منظور شدہ اقسام بروقت کاشت ٬ کھادوں کے متناسب استعمال٬ جڑی بوٹیوں کی تلفی اور پانی کے باکفایت استعمال کو یقینی بناناہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی نے ایک تقریب کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے پنجاب کی23ہزار 8 سو 90 گائوں میں کنگی سے پاک بیج کے 1 لاکھ سے زائد تھیلوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے 30کروڑ روپے کی لاگت سے کنگی کی بیماری سے محفوظ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام اجالا 2016 کے 42 ہزار٬ گلیکسی 2013 کی30 ہزار٬ فیصل آباد 2008 کے 20 ہزار٬ پنجاب 2011 کے 5 ہزار٬ آس 2011 کے 1500 اور پاکستان 2013 کے 500 تھیلے کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کے بروقت اقدام سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا اور تمام کاشتکاروں کو گندم کی ترقی دادہ اقسام کا کنگی سے محفوظ بیج بھی دستیاب ہوگا۔