راولپنڈی کینٹ کے نالے ایک مرتبہ پھر کوڑے سے بھر گئے ٬عملہ صفائی کچرا نالوں میں بہانے گا ٬راولپنڈی کینٹ میں 600کوڑا دانوں کی تنصیب کے باوجود بھی صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:06

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء)راولپنڈی کینٹ کے نالے ایک مرتبہ پھر کوڑے سے بھر گئے ٬عملہ صفائی کچرا نالوں میں بہانے گا ٬راولپنڈی کینٹ میں 600کوڑا دانوں کی تنصیب کے باوجود بھی صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی ٬بغیر منصوبہ بندی کوڑا دانوں کی نامناسب مقامات پر تنصیب اور بروقت صفائی کا فقدان ٬جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ٬ کوڑا اگلتے کوڑا دان اور کچرے سے اٹے نالے شعبہ سینی ٹیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ۔

راولپنڈی کینٹ کے علاقوں فیصل کالونی ٬ خیابان میراں بخش ٬اسلم مارکیٹ ٬ٹنچ بھاٹہ ٬بائیس نمبر چونگی ٬ آدڑہ سمیت دیگر نالوں میں شہریوں کے ساتھ ساتھ کینٹ بورڈ کا عملہ صفائی نے بھی بے دردی سے کوڑا پھینکنا معمول بنا لیا ہے ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے حال ہی میں کینٹ کی 10وارڈز میں صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے 600کوڑا دان نصب کیے ٬ صفائی نظام کو مربوط بنانے کے لیے نئی گاڑیاں اور کمپیکٹرز بھی زیر استعمال لائے گئے تاھم صورتحال یہ ہے کہ یہ سینکڑوں کوڑا دان کینٹ میں صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ لاسکے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے یہ تمام کوڑا دان بڑی شاہراہوں پر رکھ دیئے ہیں جبکہ رہائشی آبادیوں میں یہ کوڑا دان مہیا نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے شہری آبادی میں گھروں کا کوڑا جوں کا توں ہے اور صفائی کا نظام ابتر ہو چکا ہے ۔ٹنچ بھاٹہ ٬ڈھوک سیداں ٬ کامل آباد ٬فیصل کالونی اور دیگر آبادیوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خیابان میراں بخش نالہ ٬اسلم مارکیٹ نالہ ٬فیصل کالونی نالہ سمیت دیگر نالوں میں روزانہ کی بنیاد پر کئی ٹن کوڑا ڈالاجا رہاہے جس کے ذمہ دار نہ صرف شہری بلکہ کینٹ بورڈ کا عملہ صفائی بھی ذمہ دار ہے جو کہ کوڑا ان نالوں میں پھینکتے ہیں ۔

دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ کینٹ بورڈ حکام نے منصوبہ بندی کے بغیر کوڑا دان مختلف مقامات پر رکھ دیئے جو کہ عوامی ضروریات پوری نہیں کر رہے ۔