گورنمنٹ بوائز ہائی سکول موہڑہ داروغہ کی54لاکھ روپے کی لاگت سے نئے بلاک کی تعمیر مکمل

اتوار 23 اکتوبر 2016 14:59

کلر سیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء) گورنمنٹ بوائز ہائی سکول موہڑہ داروغہ کے 54لاکھ روپے کی لاگت سے چار کمروں پر مشتمل نئے بلاک کی تعمیر مکمل ہو گئی٬ افتتاحی تقریب میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین انجینئر قمر الاسلام راجہ اور وفاقی وزیر داخلہ کے معاون خصوصی شیخ ساجدا لرحمن مہمانان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

انجینئر قمر الاسلام راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے نامساعد حالات کے باوجود علم کے حصول کو اولین ترجیح دیں٬ سرکاری مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والوں کا تعلق متوسط طبقے سے ہوتا ہے سرکاری مدارس کو آج بھی مسائل کا سامنا ہے مگر جو بچے مسائل اور نامساعد حالات کے باوجود تعلیم کے حصول میں مگن رہتے ہیں دنیا کی کوئی طاقت ان کو آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے٬ اضافی بلاکس کے ساتھ ساتھ جدید لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں٬ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے۔